فیشن اور ڈیزائن انڈسٹری ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بڑی اہمیت کی حامل ہے،

پی آئی ایف ڈیکے قیام کا مقصد برآمدات کی ویلیو ایڈیشن کرنے کے قابل پروفیشنل گریجویٹس تیارکرنا ہیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت سینیٹ آف پاکستان انسٹیٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن لاہور کا اجلاس

منگل 8 اکتوبر 2019 16:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ فیشن اور ڈیزائن انڈسٹری ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بڑی اہمیت کی حامل ہے، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن کے قیام کا مقصد ایسے پروفیشنل گریجویٹس تیارکرنا ہے جو پاکستانی برآمدات کو فروغ دینے کے لئے متعلقہ صنعت میں ویلیو ایڈیشن کرنے کے قابل ہوں۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے سینیٹ آف پاکستان انسٹیٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن (پی آئی ایف ڈی) لاہور کے نویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ منگل کو یہاں ایوان صدر میں منعقدہ اجلاس میں ایجنڈے کے مختلف نکات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں بتایاگیا کہ پی آئی ایف ڈی کے گریجویٹس کی مارکیٹ میں کھپت کی شرح 100 فیصد رہی ہے۔

(جاری ہے)

پی آئی ایف ڈی کے بین الاقوامی سطح کے معروف اداروں کے ساتھ رابطے ہیں۔

صدر مملکت نے مارکیٹ کی بدلتی ضروریات کے پیش نظر پی آئی ایف ڈی میں آن لائن پروگرامز شروع کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کے معاملات میں گڈ گورننس کو یقینی بنانے کے لئے گورننگ باڈیز کا کردار بہت اہم ہے۔ صدر مملکت نے پی آئی ایف ڈی کو ہدایت کی کہ قانونی تقاضے پورے کرنے کے لئے سینیٹ کے ساتھ باقاعدہ اجلاسوں کے انقعاد کو یقینی بنایا جائے۔