حکومت صحت عامہ کے مسائل پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ،ڈاکٹر عارف علوی

زندہ قوموں ضرورت کے وقت اپنے بھائیوں کا خیال رکھتی ہیں،نوجوان خون کا عطیہ دے کر اپنے جسم کی زکوة نکالیں،ہلال احمر ترکی کی جانب سے بلڈ ڈونیشن وین اور فرسٹ ایڈ کے تحائف پر ترک بھائیوں کا شکر گزارہوں،صدر مملکت کی ترک ہلال احمر کے وفد سے گفتگو

منگل 8 اکتوبر 2019 23:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2019ء) مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ حکومت صحت عامہ کے مسائل پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ،پاکستان کے مخیر لوگ ہر نیک کام میں بھرپور تعاون کرتے ہیں،زندہ قوموں ضرورت کے وقت اپنے بھائیوں کا خیال رکھتی ہیں،نوجوان خون کا عطیہ دے کر اپنے جسم کی زکوة نکالیں،ہلال احمر ترکی کی جانب سے بلڈ ڈونیشن وین اور فرسٹ ایڈ کے تحائف پر ترک بھائیوں کا شکر گزارہوں۔

صدر مملکت نے یہ بات منگل کو ترکی کی ہلال احمر کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ حکومت صحت عامہ کے مسائل پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ،پاکستان کے مخیر لوگ ہر نیک کام میں بھرپور تعاون کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر شہری بڑھ چڑھ کرمتاثرین کی مدد کرتے ہیں،زندہ قوموں ضرورت کے وقت اپنے بھائیوں کا خیال رکھتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2005میں زلزلہ متاثرین کی عوام نے کھلے دل سے امداد کی،2005ء میں عوام کی طرف سے امداد ی سامان کی بھری گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں دیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی نے 2005کے زلزلے میں بھی بھر پور مدد کی تھی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نبی ﷺ نے خود تکلیفیں برداشت کرکے ضرورتمندوں کی مدد کی۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی 2فیصد آبادی خون کے عطیات دے تو قلت نہیں ہوگی۔

صدر مملکت نے نوجوانوں کو خون کا عطیہ دینے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان خون کا عطیہ دے کر اپنے جسم کی زکوة نکالیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے افغان مہاجرین کا بھی مشکل گھڑی میں بھر پور ساتھ دیا۔صدر مملکت نے ہلال احمر ترکی کی جانب سے بلڈ ڈونیشن وین اور فرسٹ ایڈ کے تحائف پر ترک بھائیوں کا شکریہ کیا اور صدر مملکت نے موبائل بلڈ ڈونیشن یونٹ کا معائنہ کیا اور موجود سہولتوں کا جائزہ لیا ۔