پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آخری ٹی ٹونٹی میچ کو پنک ڈے سے منسوب کرنے کا اعلان

صدر پاکستان عارف علوی اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی میچ سے قبل پنک ڈے کی تقریب میں شرکت کریں گے

منگل 8 اکتوبر 2019 21:06

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آخری ٹی ٹونٹی میچ کو پنک ڈے سے منسوب ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اکتوبر2019ء) تاریخی قذافی اسٹیڈیم بدھ کے روز گلابی رنگ سے رنگا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرے ٹی ٹونٹی میچ کو بریسٹ کینسر کی آگاہی سے منسوب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
میچ سے قبل بریسٹ کینسر سے آگاہی کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔ تقریب میں صدر پاکستان عارف علوی اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی شرکت کریں گے
اس موقع پر صدر پاکستان عارف علوی دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو پنک ربن پہنائیں گے۔

(جاری ہے)

میچ میں شریک تمام کھلاڑی اور آفیشلز پنک ربن پہن کر اس مرض سے آگاہی فراہم کرنے میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔
ایشیائی ممالک میں چھاتی کے سرطان سے متاثرہ ممالک میں پاکستان سرفہرست ہیں۔اکتوبر کے مہینے کو اس مرض سے آگاہی کے لیے منسوب کیا گیا ہے۔
اس دوران اسٹیڈیم میں موجود 12 ہزار شائقین میں پنک ربن تقسیم کئیے جائیں گے جبکہ قذافی اسٹیڈیم میں موجود 750 مداحوں میں پنک شرٹس بھی تقسیم کی جائیں گی۔
9 میں سے 1 خاتون کے بریسٹ کینسر سے متاثر ہونے کا خدشہ رہتا ہے تاہم ماہرین کے مطابق اگر مرض کی تشخیص ابتدائی مرحلے میں ہوجائے تو اس سے چھٹکارے کے امکانات روشن ہوجاتے ہیں۔