پاک سری لنکا کے درمیان آخری ٹی ٹونٹی میچ کو پنک ڈے سے منسوب کرنے کا فیصلہ

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی میچ سے قبل پنک ڈے کی تقریب میں شرکت کریں گے

منگل 8 اکتوبر 2019 23:25

لاہور۔8 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان بدھ کے روز ہونے والے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ کو بریسٹ کینسر کی آگاہی سے منسوب کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘میچ سے قبل بریسٹ کینسر سے آگاہی کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا جائے گا‘تاریخی قذافی اسٹیڈیم کو گلابی رنگ سے رنگا جائے گا۔

تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر پاکستان عارف علوی دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو پنک ربن پہنائیں گے‘ میچ میں شریک تمام کھلاڑی اور آفیشلز پنک ربن پہن کر اس مرض سے آگاہی فراہم کرنے میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔ اس دوران اسٹیڈیم میں موجود 12 ہزار شائقین میں بھی پنک ربن تقسیم کئے جائیں گے جبکہ قذافی اسٹیڈیم میں موجود 750 مداحوں میں پنک شرٹس بھی تقسیم کی جائیں گی۔

واضع رہے کہ ایشیائی ممالک میں چھاتی کے سرطان سے متاثرہ ممالک میں پاکستان سرفہرست ہے‘اکتوبر کے مہینے کو اس مرض سے آگاہی کے لیے منسوب کیا گیا ہے۔ہر 9 میں سے 1 خاتون کے بریسٹ کینسر سے متاثر ہونے کا خدشہ رہتا ہے تاہم ماہرین کے مطابق اگر مرض کی تشخیص ابتدائی مرحلے میں ہوجائے تو اس سے چھٹکارے کے امکانات روشن ہوجاتے ہیں۔