Live Updates

حکومت کا سمندری جزیرے پر نیا شہر آباد کرنے پر غور

کراچی کے بنڈال جزیرے پر سرمایہ کاروں کی مدد سے رہائشی تعمیرات کی جائیں گی

بدھ 9 اکتوبر 2019 00:07

حکومت کا سمندری جزیرے پر نیا شہر آباد کرنے پر غور
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اکتوبر2019ء) حکومت کا سمندری جزیرے پر نیا شہر آباد کرنے پر غور، کراچی شہر اور پورٹ قاسم کے دائرہ اختیار میں آنے والے جزیروں پر سرمایہ کاروں کی مدد سے رہائشی تعمیرات کی جائیں گی۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے چین جانے سے قبل بنڈال جزیرہ کراچی اور نیوبلیو ایریا اسلام آباد کے مجوزہ ترقیاتی منصوبے کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس طلب کیا تھا۔

پیر کو ہونے والے اس اجلاس میں وزیربرائے سمندری امور سید علی حیدر زیدی، ایس اے ایم پی ایم ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، چیئرمین بی او آئی زبیر گیلانی، چیئرمین نیا پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی لفیٹنٹ جنرل ( ریٹائرڈ )انور علی حیدر اور دیگر سنیئر آفیسرز نے شرکت کی تھی۔ اجلاس میں کراچی شہر اور پورٹ قاسم کے دائرہ اختیار میں آنے والے جزیروں کے آس پاس کے علاقوں کی ممکنہ ترقیوں کا تفصیلی منصوبہ بھی زیربحث آیا تھا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کو ایک مرحلہ وار ترقیاتی منصوبہ پیش کیاگیا جو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے تیار سرمایہ کاروں کو معیاری رہائش اور بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے تیار کیاگیاہے۔ بلیو ایریا کی ڈویلپمنٹ پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر بطورخاص توجہ مرکوز رہی ہے کہ غیرملکی سرمایہ کاروں کو ایسے علاقوں کی ترقی کیلئے مراعات کی پیش کی جائیں تاکہ دارلحکومت کے ذیادہ گنجان آباد علاقوں کے علاوہ ہائی رائیز عمارتوں پر زیادہ توجہ دی جائے تاکہ شہر کے ایک ہی طرف پھیلائو سے نمٹا جاسکے۔

وزیراعظم عمران خان نے ان تجاویز پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی کی رہائشی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے بلند وبالا عمارتوں کی تعمیر ہماری ترجیج ہونی چاہیئے۔ اس سلسلے میں غیرملکی سرمایہ کاروں کو سہولتیں دینے میں بہتریاں لانے کی کی ضرورت ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات