پہلا رافیل طیارہ بھارت پہنچ گیا

بھارتی وزیرِ دفاع نے پاکستان سے بچانے کے لیے رافیل طیارے کی آمد پر طیارے کے اوپر پھول اور ٹائروں کے نیچے لیموں رکھ کے پوجا شروع کر دی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 9 اکتوبر 2019 00:15

پہلا رافیل طیارہ بھارت پہنچ گیا
نئی دہیلی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08اکتوبر2019ء) پہلا رافیل طیارہ بھارت پہنچ گیا ہے جسے آج بھارتی فضائیہ کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ جنگی طیارہ ملنے کے بعد راج ناتھ سنگھ نے اس طیارے پر 'شستر پوجا' یعنی اسلحہ پوجا کی۔ وزیر دفاع نے طیارے پر سِندور سے اوم لکھا، طیارے پر پھول ،ناریل اور لڈو چڑھائے۔ اس کے علاوہ طیارے کے پہیے کے نیچے دو لیموں بھی رکھے گئے۔

اس سب کے بعد راج ناتھ سنگھ نے اس طیارے میں سفر کیا۔بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے فرانس میں کہا مجھے خوشی ہے کہ رافیل کی ڈلیوری وقت پر ہو رہی ہے اور امید ہے کہ یہ ہماری فضائیہ کی طاقت میں اضافہ کرے گا۔‘ انھوں نے مزید کہا کہ آج انڈیا اور فرانس کے سیاسی اشتراک کے ایک نئے دور میں رفال جنگجو طیارے میں پرواز کروں گا جو ایک اعزاز کی بات ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ رافیل ایک فرانسیسی لفظ ہے جس کا مطلب آندھی ہے اور میں امید کرتا ہوں کے یہ اپنے نام کی طرح ہی انڈین فضائیہ کو مضبوط کرے گا۔ واضح رہے کہ ہ جنگجو طیارے فرانس کی کمپنی داسا نے بنائے ہیں اور اس کی خریداری پر کئی طرح کے سوال اٹھائے گئے ہیں۔2010 میں بھارت کی سابقہ حکومت نے فرانس سے یہ طیارے خریدنے کا عمل شروع کیا تھا اور2012 سے 2015 تک دونوں کے درمیان بات چیت چل رہی تھی جس دوران 2015 میں مودی حکومت اقتدار میں آگئی۔

2016 میں بھارت نے فرانس کے ساتھ 36 رفال طیاروں کے لیے تقریباً 59 ہزار کروڑ کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ بھارتی فضائیہ کا کہنا ہے کہ رافیل ایک بہترین اور با صلاحیت جنگی طیارہ ہے۔ راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ طیاروں کی خریداری دفاعی مقاصد کا حصہ ہے، کسی کے خلاف جارحیت نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فروری 2021 تک 18 اور اپریل یا مئی 2022 تک پورے 36 رافیل جنگی طیارے بھارت کے حوالے کر دیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ بھارت نے فرانس سے 2016 میں 59 ہزار کروڑ روپے کے 36 رافیل طیاروں کی خریداری کا معاہدہ کیا تھا۔یاد رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے فروری میں پاک بھارت فضائی جھڑپ میں پاکستان کی برتری کا بلواسطہ اعتراف کیا تھا، ایک تقریب سے خطاب میں ان کاکہنا تھا کہ ان دنوں ملک میں بہت شور اٹھ رہا ہے اور ایک سوال اٹھ رہا، رافیل کی کمی پورے ہندوستان نے محسوس کی ہے، اگر ہمارے پاس رافیل طیارہ ہوتا تو آج صورتحال مختلف ہوتی۔ اب رافیل طیارہ بھارت پہنچ گیا ہے اور بھارتی وزیرِ دفاع نے پاکستان سے بچانے کے لیے رافیل طیارے کی آمد پر طیارے کے اوپر پھول اور ٹائروں کے نیچے لیموں رکھ کے پوجا کی ہے۔