سعودی عرب میں کار سکریچنگ پر 4برس قید اور 2 لاکھ ریال کی سزا

حادثہ میں ملوث ڈرائیور کے جائے وقوعہ سے فرار ہونے پر 3 ماہ قید اور 10 ہزار ریال کا جرمانہ بھی ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 9 اکتوبر 2019 10:58

سعودی عرب میں کار سکریچنگ پر 4برس قید اور 2 لاکھ ریال کی سزا
جدہ(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔9 اکتوبر2019ء) سعودی ٹریفک پولیس کی جانب سے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر سعودی عوام اور تارکین وطن کو خبردار کیا گیا ہے کہ مملکت میں کار سکریچنگ ایک سنگین جُرم شمار ہوتا ہے جس کے مرتکب افراد پر قانون کی شق نمبر 62 نافذ ہوتی ہے۔ اس شق کی رُو سے 2 لاکھ ریال جرمانہ یا 4 برس قید کی سزا ہوتی ہے۔ یا پھر بعض صورتوں میں دونوں سزائیں اکٹھی بھی سُنائی جا سکتی ہیں۔

جبکہ اگر کسی ڈرائیور کی جانب سے کار سکریچنگ یا لاپرواہی سے گاڑی چلانے کے باعث ہونے والے حادثے میں کسی کی ہلاکت ہو جائے تو یہ ایک سنگین جُرم شمار کیا جائے گا۔ اس لیے لوگوں کو خصوصاً نوجوانوں کو کار سکریچنگ کے خطرناک کرتب سے باز رہنا چاہیے کیونکہ ایسا کرتے وقت گاڑی پر مکمل طور پر کنٹرول نہیں رہتا۔

(جاری ہے)

جس سے نہ صرف ڈرائیور کو بلکہ سڑک پر موجود دیگر گاڑیو ں میں سوار افراد اور راہگیروں کی زندگیوں کو بھی خطرہ لاحق ہو جاتا ہے۔

ٹریفک پولیس کے ٹویٹ میں مزید بتایا گیاہے کہ اگر کار سکریچنگ یا پرواہی کے باعث کسی حادثے میں کوئی شخص زخمی ہو جائے اور اسے صحت یاب ہونے میں 15 دِن یا اس سے زائد عرصہ لگ جائے، تو پھر ایسی صورت میں حادثے کا سبب بننے والے ڈرائیور کو 2 برس قید یا ایک لاکھ ریال جرمانے کی سزا دی جاسکتی ہے جبکہ بعض صورتوں میں دونوں سزائیں اکٹھی بھی دی جا سکتی ہیں۔

ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے یہ انتباہ بھی کیا گیا ہے کہ اگر کسی ڈرائیور کی وجہ سے کوئی حادثہ ہو جائے تو اسے چاہیے کہ وہ جائے حادثہ سے فرار نہ ہو۔ بلکہ پولیس کو اطلاع دے اور حادثے میں زخمی ہونے والوں کو مدد فراہم کرے۔ اگر کوئی شخص اس قانون کی پابندی نہیں کرتا تو اسے 10 ہزار ریال کا جرمانہ یا 3ماہ قید اور بعض صورتوں میں دونوں سزائیں اکٹھی بھی بھُگتنی پڑتی ہیں۔