جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر کے گندم کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے حصول سمیت آئندہ سال کیلئے مقرر کردہ پیداواری اہداف کا حصول ممکن بنایا جا سکتا ہے، گندم کی شاندار فصل کے حصول کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے، محکمہ زراعت کی ہدایت

بدھ اکتوبر 14:12

جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر کے گندم کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے حصول ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2019ء) حکومت پنجاب نے محکمہ زراعت کو گندم کی بمپر کراپ کے حصول کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدائت کی ہے اور کہا ہے کہ محکمہ زراعت کے افسران و اہلکاران کاشتکاروںکو جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر نے کی ترغیب دیں تاکہ گندم کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے حصول سمیت آئندہ سال کیلئے مقرر کردہ گندم کے پیداواری اہداف کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔

محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایا کہ وطن عزیز کی روز افزوں بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر غذائی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ ہم اپنی غذائی ضروریات میں خود کفیل ہو سکیں اور اضافی گندم برآمد کر کے ملک کو قیمتی زر مبادلہ کمانے کے قابل بھی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ حکومت محکمہ زراعت کو تمام وسائل فراہم کر رہی ہے لہٰذا وہ بھی کاشتکاروں کو تمام سہولیات کی بہم رسانی یقینی بنائے۔

انہوںنے کہا کہ کاشتکاروں کو گندم کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کروانے کی غرض سے گائوں اور تحصیل مراکز کی سطح پر فارمرز ڈیز کا بھی انعقاد کیا جائے ۔انہوںنے کہا کہ اگر کسی جگہ پر مطلوبہ کھادوں کی دستیابی میںکمی کی کوئی شکائت ہو تو فوری طور پر متعلقہ ضلع کے ڈی او زراعت اور ڈی سیز سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔دریں اثناء محکمہ زراعت نے گندم کے کاشتکاروں کو ہدائت کی ہے کہ وہ محکمہ زراعت کے مشوروں کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں تاکہ پاکستان کو غذائی خود کفالت سے ہمکنار کرنے کے ساتھ ساتھ اضافی گندم برآمد کر کے قیمتی زر مبادلہ بھی کمایا جا سکے۔