Live Updates

وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب کا امکان

وزیراعظم عمران خان سعودی شہزادے کی دعوت پر 29 سے 31اکتوبر تک سعودی عرب جائیں گے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 9 اکتوبر 2019 14:15

وزیراعظم عمران خان کا  دورہ سعودی عرب کا امکان
بیچنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اکتوبر2019ء) وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اس وقت چین کے سرکاری دورہ پر موجود ہیں۔جہاں وہ چین کی اہم شخصیات سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔آج بھی چینی صدر نے وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے تنازعہ کشمیر پر اصولی مؤقف اپنانے پر چین کے صدر اور ان کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کے مؤقف کا خصوصی ذکر کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مشکل حالات میں چین نے ہر سطح پر ہمیشہ پاکستان کی حمایت کی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان نے چین کا دورہ مکمل کر کے وطن واپس لوٹنا ہے، اب وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان چین کے دورے کے بعد سعودی عرب کا دورہ بھی کریں گے۔وزیراعظم عمران خان 29سے 31اکتوبر تک سعودی عرب جائیں گے۔وزیراعظم سعودی شہزادے محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب جائیں گے۔وزیراعظم عمران خان کو بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان نے چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ سے بھی ملاقات کی اور اس موقع پر چین کے وزیر اعظم کو چین کے 70 ویںقومی دن پر مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری سے دونوں ممالک اور عوام کے بنیادی مفادات کی حفاظت اور خطے میں ترقی و استحکام اور امن و سلامتی کے فروغ میں مدد ملی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں کی تیزی سے تکمیل ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے کیونکہ یہ منصوبہ پاکستان کی اقتصادی ترقی اور علاقائی خوشحالی کی رفتار تیز کرنے کے لئے بہت اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم لی کو سی پیک کے منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد اور گوادر میں ترقی کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ چین کے وزیر اعظم نے بنیادی قومی مفاد کے پاکستان کے معاملات کے لئے چین کی حمایت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے سی پیک منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کو مضبوط اور بہتر بنانے میں مدد گار ثابت ہو گا اور پاکستان میں چین کی سرمایہ کاری بڑھانے کی راہ ہموار کرے گا۔ فریقین نے دو طرفہ تجارت اور چین کے لئے پاکستان کی برآمدات بڑھانے کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات