کمپیوٹر کمپنی ایچ پی کی تنظم نو، 9 ہزار ملازمتوں ختم کرنے کا منصوبہ

بدھ 9 اکتوبر 2019 16:33

کمپیوٹر کمپنی ایچ پی کی تنظم نو، 9 ہزار ملازمتوں ختم کرنے کا منصوبہ
سان فرانسسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2019ء) کمپیوٹر، لیپ ٹاپ اور پرنٹر بنانے والی امریکی کمپنی ایچ پی (ہیویٹ پیکارڈ) اپنے ادارے کی تنظیم نو کے لئے تقریباً نو ہزار ملازمتیں ختم کر رہی ہے۔ اس سے صرف بھارت میں اس کی لگ بھگ 500 ملازمتیں ختم ہو جائیں گی۔اکنامک ٹائمز میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایچ پی کمپنی اپنے اخراجات میں کمی کے لیے سن 2022 تک عالمی سطح پر اپنے کارکنوں کی تعداد 7 سی9 ہزار کے درمیان کم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

ایچ پی نے اپنے ملازمتوں کی کٹوتی میں بھارت کو بھی شامل کیا ہے کیونکہ بھارت میں اس کے کمپیوٹروں کی فروخت گر رہی ہے۔کمپنی سے منسلک ایک عہدے دار نے اپنا نام صیغہ راز میں رکھنے کی شرط پر اکنامک ٹائمز کو بتایا کہ بھارت میں کارکنوں کی تعداد کم کی جا رہی ہے کیونکہ کمپیوٹر کے کئی ماڈلز ختم کر دیے گئے ہیں اور پرسنل کمپیوٹرز کی طلب مسلسل گھٹ رہی ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح کمپیوٹرز کی خرید کے سلسلے میں حکومتی پراجیکٹس میں بھی تسلسل نہیں ہے۔انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ بھارت میں اس کے کارکنوں کی تعداد کیا ہے۔ تاہم مبصرین کا کہنا ہے کہ ملازمتوں کی کٹوتیوں کا سب سے کم اثر بھارت پر ہو گا۔کمپیوٹرز اور پرنٹرز کی معروف کمپنی 2022 تک اپنے اخراجات میں کمی کے لیے 16 فی صد کارکنوں کو فارغ کرنا چاہتی ہے۔یو ایس اے ٹو ڈے کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایچ پی کے دنیا بھر میں کارکنوں کی تعداد 55000 کے لگ بھگ ہے جس میں سے وہ تقریباً 9000 ہزار کو نکال دے گی جس سے سالانہ ایک ارب ڈالر کی بچت ہو گی۔کمپنی اپنی تنظیم نو کے ایک تین سالہ منصوبے کو آگے بڑھا رہی ہے جس میں کیلی فورنیا میں اس کے مرکز سے 5000 ملازموں کی کٹوتیاں بھی شامل ہیں۔