پنجاب میں سرکاری اراضی کے آڈٹ کے لیے وزیر قانون راجہ بشارت کی سربراہی میں کمیٹی قائم

بدھ 9 اکتوبر 2019 17:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2019ء) پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں سرکاری زمینوں کے آڈٹ کے لیے صوبائی وزیر قانون، پارلیمانی امور و سوشل ویلفیئر راجہ بشارت کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی ہے جس کے نائب سربراہ صوبائی وزیر مال جبکہ ممبر کالونیزکمیٹی کے رکن اورسیکریٹری ہوںگی. دیگر ارکان میں سینئرممبر بورڈ آف ریونیو، سیکریٹری قانون اور ڈی جی پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی شامل ہیں.

(جاری ہے)

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی ہر ضلع میں زرعی، سکنی، کمرشل، الاٹ شدہ، لیز شدہ اورتجاوزات شدہ اراضی جبکہ اسکی سالانہ آمدن اور بقایا جات کے کوائف اکٹھے کرے گی. راجہ بشارت نے کہا ہے کہ کمیٹی فوری طور پر آڈٹ کا کام شروع کر رہی ہے اور ایک ماہ کے اندر تمام امور پر مبنی تفصیلی رپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب کو پیش کرے گی. انہوں نے کہا یہ کمیٹی صوبہ بھر میں بننے والی ہاؤسنگ سکیموں بالخصوص جعلی ہاؤسنگ سکیموں کا خصوصی آڈٹ کرے گی تاکہ ایسی جعلی سکیموں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکی.