نیسلے کے 22ملین ڈالرز لاگت کے مینوفیکچرنگ پلانٹ کا شیخوپورہ میں افتتاح

بدھ 9 اکتوبر 2019 18:37

نیسلے کے 22ملین ڈالرز لاگت کے مینوفیکچرنگ پلانٹ کا شیخوپورہ میں افتتاح
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2019ء) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے نیسلے پاکستان کی شیخوپورہ میں جدید ترین خطوط پر قائم کردہ مینوفیکچرنگ پلانٹ کا افتتاح کردیا۔نیسلے کی عالمی معیار پر تیار کردہ جوسز، نیکٹرز اور مشروبات کی وسیع ترین رینج' نیسلے فروٹا وائیٹلز 'کا پاکستان میں قائم کردہ نیا پلانٹ تقریباً 24,000یونٹس فی گھنٹہ پیداواری صلاحیت کا حامل ہے اور 22ملین ڈالرز کی خطیر لاگت سے قائم کردہ یہ پلانٹ نیسلے ادارے کی حالیہ تاریخ میں عالمی سطح پر بلند ترین سرمایہ کاری کا اعزاز رکھتا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ ہم ملک میں عالمی تجارتی و کاروباری اداروں کی جانب سے سرمایہ کاری کے فروغ حامل سازگار ماحول کی ترویج کیلیے شب و روز کوشاں اور مکمل تندہی سے ملکی معیشت کے احیاء کیلیے مصروفِ عمل میں۔

(جاری ہے)

یہ پہلو انتہائی قابلِ مسر ت ہے کہ نیسلے جس کا شمار غذائی مصنوعات و مشروبات سازی میں دنیا کے صفِ اول کے اداروں میں ہوتا ہے پاکستان میں خطیر سرمایہ کاری کرکے قابلِ تقلید نظیر قائم کررہا ہے۔

اپنے خطاب میںملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے مزید کہا -" میرے لیے یہ بات انتہائی طمانیت بخش ہے کہ نیسلے نے روزِ اول سے پاکستانی عوام کے لیے نت نئے مواقعوں کی تخلیق میں خصوصی دلچسپی و رغبت کا مظاہرہ کیا ہے اور نیسلے کی جانب سے کی گئی وافر سرمایہ کاری ملکی مستقبل پربھر پور اعتماد اور یقین کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

"اس موقع پر اپنے خطاب میں نیسلے پاکستا ن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سامر شدید نے کہا کہ نیسلے کی جانب سے کی گئی سرمایہ کاری پاکستان اور ملکی ترقی کے امکانات پر اپنے مسلسل یقین و توثیق کا برملا اظہار ہے اور نو تعمیر کردہ پلانٹ کی بدولت ہماری چونسا ویلیو چین کا ادغام و انضمام ہمارے لیے انتہائی مسرت کا باعث ہے۔ ہم نے آ م کی پیداوار و معیار میں اضافے کیلیے تقریباً 110زرعی فارمز میںجدید پیداواری تکنیک اور ثمر آور زرعی ارجحانات متعارف کیے جہاں سے ہم چونسا آم حاصل کررہے ہیں۔

چونسا ویلیو چین کی حالیہ پیوستگی ہماری " مشترکہ اقدار کی پیہم تخلیق"کے زریں اصول کی عکاس ہے جسکے طفیل ہم اس بات کی تصدیق و توثیق کرتے ہیں کہ ہماری تمام تر ادارتی، صنعتی ، تجارتی و کاروباری سرگرمیاں اور مصنوعات نیسلے کی مسلسل ترقی و فروغ کے ساتھ ساتھ معاشرے کے ارتفاع و عوامی بہتری کیلیے انتہائی مثبت اور کلیدی کردار ادا کررہی ہیں۔

سامر شدید نے مزید کہا"ہم ملک میں تجارتی احیاء و بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلیے حکومتی اقدامات کو تہہ دل سے سراہتے ہیں جنکی بدولت ورلڈ بینک کی حالیہ جاری کردہ رپورٹ میں پاکستان کو کاروباری افعال کی انجام دہی میں سازگار ماحول برپا کرنے کے حوالے سے قابلِ ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے دنیا کے ٹاپ 20ممالک میں شمار کیا گیا ہے۔ یہ کامیابی ملک میں مثبت کاروباری مسابقت کی ترویج، نجی سیکٹرکی ترقی و نمو کیلیے بھر پور معاونت کی فراہمی اور تجارتی و کاروباری ادراوں کی راہ میں حائل انضباطی و انتظامی بار کی تخفیف کیلیے حکومتی وابستگی کی عین عکاس ہے۔"