Live Updates

پاکستان اور چین قریبی دوست، شراکت دار اور آہنی برادرز ہیں، پاکستان غربت کے خاتمہ کیلئے چین کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتا ہے،

سی پیک کی تکمیل موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، سی پیک کا دوسرا مرحلہ پاکستانی عوام کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کیلئے راستہ ہموار کریگا وزیر اعظم عمران خان کی چیئرمین نیشنل پیپلز کانگریس لی شوان شو سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 9 اکتوبر 2019 19:30

پاکستان اور چین قریبی دوست، شراکت دار اور آہنی برادرز ہیں، پاکستان ..
بیجنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2019ء) وزیر اعظم عمران خان سے چیئرمین نیشنل پیپلز کانگریس لی شوان شو نے بدھ کو یہاں عوامی گریٹ ہال میں ملاقات کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر ریلوے شیخ رشید، توانائی سے متعلق وزیر اعظم کے مشیر اور دیگر سینئر حکام بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیر اعظم نے چیئرمین لی کو عوامی جمہوریہ چین کی اکہترویں سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور چین قریبی دوست، شراکت دار اور آہنی برادرز ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ گزشتہ چند دہائیوں میں چین کی شاندار اقتصادی ترقی انتہائی متاثر کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان غربت کے خاتمہ کیلئے چین کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان میں چینی ماڈل پر عمل پیرا ہو کر غربت میں کمی کرینگے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ سی پیک کی تکمیل موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ پاکستانی عوام کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کیلئے راستہ ہموار کریگا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان زراعت سمیت تمام سیکٹرز میں چین کے تعاون کا خواہاں ہے۔چینی کمپنیاں پاکستان کے مخصوص محل و قوع سے فائدہ اٹھا کر صنعتیں لگا سکتی ہیں۔عمران خان نے پاکستانی قومی مفادات کے تمام معاملات پر چین کی بھر پور حمایت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بھارت کے پانچ اگست کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی بحران کی سنگین صورتحال پیدا اور خطے میں امن و سلامتی کو خطرات سے دو چار کر دیا ہے۔

انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ دو ماہ سے زائد نافذ کرفیو کو فوری ہٹائے۔چیئر مین لی شوان شو نے بنیادی قومی مفادات کے تمام معاملات پر حمایت سے متعلق چینی قیادت کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ چین وزیر اعظم عمران خان کے تجویز کردہ اقدامات کی حمایت کریگا۔دونوں رہنمائوں نے پارلیمانی اور دو طرفہ اعلی سطح پر رابطوں کو مزید بڑھانے سمیت سیاسی،ثقافتی،تعلیمی شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔وزیر اعظم نے چیئر مین این پی سی کو پاکستان کے دورہ کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات