سپریم کورٹ نے بلوچستان اسمبلی کے رکن سردار یار محمدرند کی نااہلی سے متعلق عدالتی فیصلہ کیخلاف دائر نظر ثانی کی درخواستیں خارج کردیں

بدھ 9 اکتوبر 2019 20:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2019ء) سپریم کورٹ نے بلوچستان اسمبلی کے رکن سردار یار محمدرند کی نااہلی سے متعلق عدالتی فیصلہ کیخلاف دائر نظر ثانی کی درخواستیں خارج کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ درخواست گزار نے عدالت کو کوئی نئی بات نہیں بتائی، اس لئے فیصلے پر نظرثانی نہیں کی جاسکتی۔ بدھ کوجسٹس عمرعطابندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ قبل ازیں سپریم کورٹ نے جعلی ڈگری کے الزام کے تحت یارمحمد رند کونااہل قراردینے کیخلاف دائر درخواست خارج کی تھی جس کیخلاف تاج محمد رئیسانی،غلام حیدر اور میر عاصم کرد نے نظر ثانی کیلئے درخواستیں دائر کی تھیں۔ سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل نے پیش ہوکرموقف اپنایا کہ سردار یار محمد رند ماضی میں تسلیم کر چکا ہے کہ انہوں نے جعلی سند بنائی تھی لیکن عدالت نے کیس کی سماعت کے دوران اس نکتہ کا جائزہ نہیں لیا جس پربنچ کے سربراہ نے کہا کہ آپ عدالت کو کوئی نئی بات بتائیں جو کچھ آپ کہہ رہے ہیں یہ پرانی بات ہے اس لئے آپ کی نظر ثانی کی درخواست نہیں بنتی بعدازاں عدالت نے درخواستیں خارج کردیں۔