چھاتی کے سرطان کے حوالے سے پنک ربن ڈے

پاکستان کرکٹ بورڈ نے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے پاک سری لنکن ٹی ٹونٹی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ کو پنک ربن سے منصوب کردیا میچ میں موجود صدر مملکت عارف علوی اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے قومی کرکٹ ٹیم اور سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتانوں کو پنک ربن لگائے میچ کے موقع پر بارہ ہزار کرکٹ شائقین میں پنک ربن تقسیم کئے گئے اور 750 کرکٹ شائقین میں پنک شرٹس بھی تقسیم کی گئیں

بدھ 9 اکتوبر 2019 20:40

چھاتی کے سرطان کے حوالے سے پنک ربن ڈے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اکتوبر2019ء) چھاتی کے سرطان کے حوالے سے پنک ربن ڈے کے موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے پاک سری لنکن ٹی ٹونٹی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ کو پنک ربن سے منصوب کردیا۔ جس کے نتیجے میں میچ میں موجود صدر مملکت عارف علوی اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے قومی کرکٹ ٹیم اور سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتانوں کو پنک ربن لگائے۔

میچ کے موقع پر بارہ ہزار کرکٹ شائقین میں پنک ربن تقسیم کئے گئے اور 750 کرکٹ شائقین میں پنک شرٹس بھی تقسیم کی گئیں۔ پاک سری لنکن کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میچ کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور بھی موجود تھے۔ میچ کے موقعہ پر ٹریفک پلان کے تحت قذافی سٹیڈیم کی جانب آنے والی سڑکوں کو دوپہر 2 بجے ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا۔

(جاری ہے)

ہزاروں ٹریفک پولیس اہلکار ٹریفک کے متبادل منصوبے پر عملدرآمد کرتے رہے۔ کرکٹ شائقین کے سٹیڈیم میں داخلے کے لئے قذافی سٹیڈیم کے تمام انٹری پوائنٹس سہ پہر 3 بجے کھول دئیے گئے۔ جنہیں میچ شروع ہوتے ہی بند کردیا گیا۔ آخری میچ میں چیئرمین آئی سی سی نے وفد کے ہمراہ کرکٹ میچ میں شرکت کی جبکہ کرکٹ شائقین کی سہولت کے لئے چار پارکننگ سٹیڈیم قائم کئے گئے۔ جہاں سے 68 بسوں پر مشتمل شٹل سروس شائقین کو سٹیڈیم تک پہنچاتی رہیں۔ علاوہ ازیں پاک سری لنکن کرٹک ٹیموں کے درمیان آخری میچ پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات تھے جبکہ دونوں کرکٹ ٹیموں کے کھلاڑیوں کے نئے پورٹریٹ بھی ٹیموں کے روٹ اور سٹیڈیم کے باہر آوایزں تھے۔