مسئلہ کشمیرپاکستان کی بقا کا مسئلہ ہے، پاکستانی قوم اور ہر حکومت ہمیشہ مسئلہ کشمیر اور کشمیریوں کے ساتھ کھڑی رہی،راجہ فاروق حیدر

مسلم لیگ کی بنیاد ہی دو قومی نظریہ ہے اور ہم آج بھی ہم اس پر قائم ہیں،حکومت میں آنے کے بعد ہم نے عام آدمی کے معیار زندگی کو بہترکرنے کیلئے کام کیا بھارت نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے،مسلم لیگ ن کے کارکنان دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکنان کے ساتھ ملکر سوشل میڈیا کے ذریعے بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کریں،وزیر اعظم آزاد کشمیر

بدھ 9 اکتوبر 2019 23:18

دھیرکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2019ء) وزیر اعظم آزاد کشمیر و صدر مسلم لیگ ن راجہ محمد فارق حیدرخان نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ جب اختیار دیتا ہے کہ تو وہ اس کے بعد انصاف کرنے کا حکم دیتا ہے ۔ہم نے آزادکشمیر میں انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام کی ابتدا کی۔ مسئلہ کشمیرپاکستان کی بقا کا مسئلہ ہے ۔ یہ پاکستان کے استحکام ، ترقی اور خوشحالی کا راستہ ہے ۔

پاکستانی قوم اور پاکستان کی ہر حکومت ہمیشہ مسئلہ کشمیر اور کشمیریوں کے ساتھ کھڑی رہی۔مسلم لیگ کی بنیاد ہی دو قومی نظریہ ہے اور ہم آج بھی ہم اس پر قائم ہیں۔ حکومت میں آنے کے بعد ہم نے عام آدمی کے معیار زندگی کو بہترکرنے کیلئے کام کیا، ہم نے پڑھے لکھے اور با صلاحیت نوجوانوں کو میرٹ پر روزگار فراہم کیا ۔

(جاری ہے)

آزادکشمیر کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ زمین پر نظر آرہا ہے،اگرچہ بہت سارا کام باقی ہے۔

ہمارے دورے حکومت میں آزادکشمیر میں ریکارڈ ترقی ہوئی ۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اس بات کی متقاضی کرتی ہے کہ ہم سب اختلافات سے بالاتر ہو کر اپنے بھائیوں کیلئے اکھٹے ہوں جو گزشتہ دو ماہ سے زائد عرصہ سے جیل میں ۔ ہم نے ان کا مقدمہ لڑنا ہے ۔ ان کا ہمارے سوا کوئی نہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں ادویات نہ ہونے کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔

وہاں کاروبار زندگی بند ہے ۔ بھارت نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ مشکل ترین حالات میں کشمیریوں نے آزادی کی شمع کو روشن رکھا ہوا ہے ۔ وقت کا تقاضا ہے کہ آزادکشمیر سے موثر پیغام جائے ۔ تمام لوگ اس حوالہ سے اپنا کردار ادا کریں۔ مسلم لیگ ن کے کارکنان دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکنان کے ساتھ ملکر سوشل میڈیا کے ذریعے بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز مسلم لیگ ن دھیرکوٹ کے مزکری سیکرٹریٹ میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر جنگلات سردار میر اکبر خان ، سابق امیدوار اسمبلی افتخار ایوب ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ وزیر اعظم جب دھیرکوٹ پہنچے تو مسلم لیگ ن کے کارکنان کی کثیر تعداد نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع مسلم لیگ ن زندہ بار، فاروق حیدر زندہ باد اور نواز شریف زندہ باد کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔

کارکنان نے جلوس کی شکل میں وزیر اعظم کو دھیر کوٹ بازار سے ن لیگ کے مرکزی سیکرٹریٹ تک لایا۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ ہندوستان کی پالیسی ہے کہ وہ آزادکشمیر کے اندر بھی کوئی فتنہ برپا کرنے کی کوشش کرے گالیکن ہم سب نے ملکر اسکی یہ سازش ناکام بنانی ہے ۔ہم سب کا بنیادی نعرہ رائے شماری ہے اور رائے شماری کے مسئلے پر آزادکشمیر میںکوئی اختلاف نہیں ۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کا آزادکشمیر کا قیام مسئلہ کشمیر اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے حتمی جدوجہد کے مرحلہ پر اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کیلئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کی خدمت بھی کی ہے اور تحریک آزادی کشمیر کیلئے بھی اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہاکہ تین سال گزر چکے ہیں اور دو سال بعد دوبارہ اپنی کارکردگی لیکر عوام میں جائیں گے اورکارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ حکومت بنائیں گے ۔

ہم نے اپنے دور حکومت میں عام آدی کو اسکا حصہ دیا ہے اور انشاء اللہ اب یہ سلسلہ رکے گا نہیں اور جاری رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ بشارت عباسی شہید رو ڈ اور چھپریاں گہوڑی کیر روڈ کے وعدے کیے تھے انشاء اس بجٹ میں ان کو پورا کرینگے۔ انہوںنے کہاکہ دیگر بھی جو منصوبہ جات اس علاقے میں رہتے ہیں ان کو مکمل کرینگے ۔