تعلیمی اداروں میں پڑھانے کے ساتھ بچوں کی دلچسپی کے لئے دیگر پروگراموں کو بھی ترتیب دیا جائے، ڈاکٹر بدر جمیل

بدھ 9 اکتوبر 2019 23:27

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2019ء) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی ڈاکٹر بدر جمیل نے کہا ہے کہ ضروری ہے کہ تعلیمی اداروں میں پڑھانے کے ساتھ بچوں کی دلچسپی کے لئے دیگر پروگراموں کو بھی ترتیب دے کر ان میں دلچسپی کا سامان پیدا کیا جائے۔کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے زیر اثر اسکولز کے اساتذہ بلاشبہ اپنی تمام تر توجہ طلباء و طالبات کو بہترین تعلیمی معیار سے استفادہ حاصل کرانے کے لئے اپنی خدمات احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار ڈی جی کے ڈی اے نے نارتھ ناظم آباد میں واقع کے ڈی اے اسکول کادورہ کرتے ہوئے کیا۔ ڈی جی کے ڈی اے نے موقع پر موجود متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسکول میں جاری ترقیاتی کاموں کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا، طلبہ و طالبات کے لئے فرنیچر، الیکٹرک تنصیبات اور صاف پانی کی سہولیات ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ آج کے اس پر آشوب اور تیز ترین دور میں تعلیم کی ضرورت بہت اہمیت کی حامل ہے چاہے زمانہ کتنا ہی ترقی کرلے۔ حالانکہ آج کا دور کمپیوٹر کا دور ہے۔ مگر اسکولوں میں بنیادی عصری تعلیم، ٹیکنیکل تعلیم، انجینئرنگ، وکالت، ڈاکٹری اور مختلف جدیدو علوم حاصل کرنا آج کے دور کا لازمی تقاضہ ہے۔ کے ڈی اے کے ماتحت اسکولز میں طلبہ و طالبات کے لئے لائبریریز اور ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا قیام عمل میں لانے کے لئے حکمت عملی تیار کی جارہی ہے، لائبریریز کے قیام سے طالبات کے علوم میں مزید اضافہ ہوگا۔

طلبہ و طالبات کو تفریحی اور صحتمندانہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے متعلقہ اسکولز میں جلد مواقع میسر آئیں گے۔ ادارہ ترقیات کراچی ہر شعبہ میں اپنی تمام تر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہیں۔ بعدازاں ڈی جی کے ڈی اے نے اسکول کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے صفائی ستھرائی اور طالبہ کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ دورہ کے موقع پر ڈی جی کے ڈی اے کے ہمراہ اسسٹنٹ سیکریٹری آئی آر سی عمر فاروق، ترجمان ادارہ ترقیات کراچی اکرم ستار و دیگر افسران موجود تھے۔