Live Updates

سرگودھا یونیورسٹی میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کا قیام عمل میں آ گیا

بدھ 9 اکتوبر 2019 23:41

سرگودھا۔09اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2019ء) سرگودھا یونیورسٹی میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کا قیام عمل میں آ گیا۔ تفصیلات کیمطابق دورہ چین کے دوران وزیر اعظم عمران خان اور ان کے چینی ہم منصب لی کی چیانگ کی موجودگی میں چین میں پاکستان کی سفیر نغمانہ ہاشمی نے وائس چانسلر سرگودھا یونیورسٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے اور ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ہان بان کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ نے باہمی تعاون کی یاداشت پر دستخط کیے جس کے تحت چین کی زبان اور کلچر کو فروغ دینے کیلئے سرگودھا یونیورسٹی میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ قائم کیا جائے گا، یہ پاکستان میں پانچواں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ ہو گا جبکہ اس سے قبل پنجاب یونیورسٹی، نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگوئجز، یونیورسٹی آف کراچی اور یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد میں قائم کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

سرگودھا یونیورسٹی نے جولائی میں ہانان نارمل یونیورسٹی کیساتھ ایم او یو سائن کیا جس کے تحت چینی زبان اور کلچر کو پروان چڑھانے کیلئے ایک کنفیوشس سنٹر سرگودھا یونیورسٹی میں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت دونوں جامعات نے ہان بان کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ ہیڈ کوارٹر تک رسائی حاصل کی جس نے انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے کی اجازت دے دی جبکہ اسلام آباد میں پاکستانی دفتر خارجہ اور چین کی ایمبیسی کے مابین وزیر اعظم پاکستان کے دورہ چین کے دوران باہمی تعاون کی یاداشت پر دستخط سے متعلق تمام کاغذی کاروائی مکمل کی گئی۔

ترجمان سرگودھا یونیورسٹی کے مطابق ہانان نارمل یونیورسٹی کے ساتھ ہونیوالے معاہدے کے تحت سرگودھا یونیورسٹی کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کیلئے جگہ فراہم کرے گی جس میں لائبریری، ایکٹیوٹی روم اور کلاس رومز کے علاوہ اساتذہ کو لاجسٹک معاونت بشمول ویزہ فراہمی کی سہولت فراہم کرے گی جبکہ ہان بان انسٹی ٹیوٹ اساتذہ کی تنخواہوں اور تدریسی عمل سے متعلق سامان و دیگر اخراجات ادا کرے گا۔

سرگودھا یونیورسٹی میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے قیام اور فعال ہونے سے قبل ہی ہان بان نارمل یونیورسٹی کی جانب سے دو چینی اساتذہ نے باقاعدہ طور پر چینی زبان سکھانے کی کلاسز کا آغاز کر دیا ہے۔ سی پیک منصوبہ کی وسعت کے پیش نظر سرگودھا یونیورسٹی نے ترجیحی بنیادوں پر چائنہ کے تعلیمی اداروں کیساتھ تعلیمی و تحقیقی منصوبوں کیلئے باہمی تعاون کا آغاز کر رکھا ہے۔

سی پیک اپنے دو سرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جس میں زرعی تعاون کو خاص اہمیت دی گئی ہے ۔ ترجمان جامعہ سرگودھا ک نے مزید بتایا کہ سرگودھا یونیورسٹی پہلے ہی لان جو یونیورسٹی اور سائوتھ چائنہ ایگریکلچر یونیورسٹی کے ساتھ بنجر زمین کو آباد کرنے ، جدید زراعت اور سٹرس ریسرچ سے متعلق کئی شعبہ جات میں متعدد معاہدات کر چکی ہے۔ سرگودھا یونیورسٹی چینی زبان اور کلچر کو سکھا کر روابط کو آسان بنانے کیلئے ایسی افرادی قوت تیار کر رہی ہے جو مکمل تربیت یافتہ اور ہر حوالے سے کوالیفائیڈ ہوں گے اور ملکی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

اس مقصد کیلئے گزشتہ سال سرگودھا یونیورسٹی نے ایچ ای سی کی جانب سے جاری کیے جانیوالے ترقیاتی فنڈز کے تحت پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف چائنہ سٹڈیز کا قیام عمل میں لایا گیا جس کی بدولت سرگودھا یونیورسٹی چینی اداروں کیساتھ تعاون اور شراکت میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے قیام سے باہمی شراکت اور تعاون کے عمل میں تیزی آئے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات