Live Updates

عامر محمود کیانی کا لاہور کا ایک روزہ دورہ ،گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور

اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے خصوصی انفرادی ملاقاتیں مجموعی سیاسی صورتحال، حکومت کی کارکردگی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

بدھ 9 اکتوبر 2019 23:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اکتوبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی نے لاہور کا ایک روزہ دورہ کیا اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے خصوصی انفرادی ملاقاتیں کیں۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری تفصیلات کیمطابق مرکزی سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی کی گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے الگ الگ ملاقاتوں میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال، حکومت کی کارکردگی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر پنجاب پنجاب سے عامر محمود کیانی کی ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم نو کے حوالے سے مختلف امور پر بھی خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی کا کہنا تھا کہ ملکی سیاست میں پنجاب کلیدی کردار کا حامل ہے، تحریک انصاف عوام میں مقبولیت اور محنتی و وفاشعار کارکنان کے بل بوتے پر کسی بھی سیاسی چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شکست خوردہ کرپٹ عناصر کو پنجاب میں کوئی سہارا میسر نہیں آئے گا۔ دیگر صوبوں کی طرح پنجاب کے عوام بھی قومی وسائل لوٹنے والوں کا کڑا احتساب چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے 12 کروڑ عوام کو منظم اور متحرک کرنے کے لئے تحریک انصاف جامع حکمت عملی تیار کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کے خلاف محاذ کے خواہاں کرداروں کا سیاسی میدان میں بھرپور مقابلہ کریں گے اور اسلام کے نام پر اسلام آباد پر نظریں جمانے والوں کے ہاتھ ہزیمت کے سوا کچھ نہیں آئے گا۔

گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا اس موقع پر کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے منشور کی روشنی میں پنجاب میں اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے ویڑن کے زیرسایہ تعمیر و ترقی کے طے شدہ اہداف حاصل کریں گے۔ ان کے مطابق تعصب اور مایوسی کے شکار عناصر کسی طرح اصلاحات کی راہ میں حائل ہونا چاہتے ہیں جس میں انہیں خاطر خواہ کامیابی نہیں ملے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے دوران پنجاب میں رفاہ عامہ کے کاموں میں تیزی لانے کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا اور عوام کے مسائل کو انکی دہلیز پر حل کرنے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف پاکستان کی ہر دلعزیز جماعت بن چکی ہے۔ تحریک انصاف کے کارکن قیمتی سرمایہ ہیں، انہیں ان کاجائز مقام دینے اور عوام کیساتھ انکے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے خصوصی اقدامات اٹھائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی خصوصاً حلقہ این اے 61 کے عوام کو درپیش مسائل کا بخوبی حل نکالیں گے جبکہ راولپنڈی کے لئے اربوں روپے کے منصوبے شروع کئے ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر کہا پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کے لئے وزیراعلیٰ آفس کے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لئے آخر حد تک جائے گی، عوام کو ریلیف کے کاموں کی خود نگرانی کررہا ہوں، مہنگائی پر قابوپانے کے لئے کاب?نہ اراکین کو عملی میدان میں نکلنے کی ہدایت کر دی ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں کیطرح پیسہ نمائشی منصوبوں پر ضائع کیا نہ کریں گے کیونکہ گزشتہ ادوار میں نمائشی منصوبوں پرسرکاری وسائل بے دریغ طریقے سے استعمال کئے گئے جن کا فائدہ عوام کو نہیں پہنچا۔ تحریک انصاف کی حکومت عوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے، شب و روز کی محنت سے چیلنجز پر کامیابی سے قابو پالیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات