ہومیو پیتھک کونسل آزاد کشمیر کے الیکشن کا شیڈول جاری

جمعرات اکتوبر 00:05

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2019ء) عدالت العالیہ آزاد جموں وکشمیر کے احکامات کی روشنی میں ہومیو پیتھک کونسل آزاد کشمیر کے الیکشن کا شیڈول جاری کر دیا گیا ۔ جس کے مطابق الیکشن 11نومبر 2019کو ضلعی ڈرگ انسپکٹرز کے دفاتر میں ہوں گے ۔ الیکشن شیڈول کے مطابق الیکشن لڑنے کے خواہشمند امیدواران 14 اکتوبر کو دفتر ریٹرنگ آفیسر واقع نظامت اعلیٰ صحت عامہ بلاک نیو ڈسٹرکٹ کمپلیکس مظفرآباد میں اپنے کاغذات مبلغ دس ہزار روپے بینک ڈرافٹ بطور سیکورٹی فیس ناقابل واپسی جمع کرواسکتے ہیں ۔

کاغذات کی چھان بین مورخہ 15 اکتوبر کو ہوگی ۔کاغذات کی واپسی 16 اکتوبر کو جبکہ کاغذات کے خلاف اپیلیں 17 اکتوبرکو کی جاسکیں گی جن پر اسی دن فیصلہ سنایا جائے گا اور اگلے روز امیدوار ان کی حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی ۔

(جاری ہے)

پولنگ 11 نومبر کو ضلع نیلم ، مظفرآباد، باغ، پونچھ ، سدھنوتی ، کوٹلی ، میرپور اور بھمبر کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے دفاتر میں واقع ڈرگ انسپکٹر ز کرائیں گے ۔

ضلع ہٹیاں بالا کے ووٹرز ڈسٹرکٹ ڈرگ انسپکٹر مظفرآباد اور ضلع حویلی کے ووٹرز ڈسٹرکٹ ڈرگ انسپکٹر باغ کے دفاتر میں اپنا ووٹ ڈالیں گے ۔ نتائج کا اعلان 13 نومبر کو کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر ڈاکٹر آفتاب حسین نے ریٹرنگ آفیسر بد ر حسین ملک ڈائریکٹر ایجوکیشن کو الیکشن کے اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہیں ۔