مجھے خوف ہے کہ کہیں میرا انجام بھی عمران فاروق جیسا نہ ہو، عمران فاروق کی بیوہ نے خدشہ ظاہر کر دیا

ایم کیو ایم کی قیادت میری مدد سے متعلق کبھی بھی سنجیدہ نہیں رہی، مجھے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا: شمائلہ فاروق

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 9 اکتوبر 2019 22:43

مجھے خوف ہے کہ کہیں میرا انجام بھی عمران فاروق جیسا نہ ہو، عمران فاروق ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 09 اکتوبر2019ء) ایم کیو ایم کے مقتول رہنما عمران فاروق کی بیوہ شمائلہ فاروق نے ایم کیو ایم کی قیادت پر سنگین الزامات لگا دیئے ہیں۔ شمائلہ فاروق نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے میرا استحصال کیا اور ایم کیو ایم کی قیادت میری مدد سے متعلق کبھی بھی سنجیدہ نہیں رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ انہیں سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا ہے۔

شمائلہ فاروق نے نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران فاروق کے قتل کے بعد ایم کیو ایم کی قیادت نے انہیں سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا، ایم کیو ایم کی قیادت انکی مدد سے متعلق کبھی بھی سنجیدہ نہیں رہی اورعمران فاروق کے قتل کے بعد ابتدا میں ایم کیو ایم کی قیادت نے انکی کچھ مدد کی تھی لیکن اب ان کی مدد نہیں کی جارہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی قیادت انہیں عمران فاروق کی برسی پر عوام کے سامنے یاد کرلیتی ہے، مجھے خوف ہے کہ کہیں میرا انجام بھی عمران فاروق جیسا نہ ہو، پولیس نے قتل کے شبے میں گرفتار محسن علی سید، کاشف خان کامران کی تصاویر دکھائی تھیں جن میں سے ایک کو میں نے فوراً شناخت کرلیا تھا، وہ ہمیں گھر کے پاس ملا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کینسر کی تشخیص کے بعد قیادت کی طرف سے مدد نہ ملنے پر خود کولاچار اور تنہا محسوس کیا جب یہ احساس ہوا کہ قیادت میر ی مدد میں سنجیدہ نہیں ہے تو پھر میں نے بھی لاتعلقی اختیار کرلی۔ دوسری جانب انسداد دہشتگردی عدالت میں عمران فاروق قتل کیس میں ایف آئی اے نے مقدمہ کا ضمنی چالان عدالت میں جمع کرا دیا ۔ بدھ کو کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے کی۔ضمنی چالان میں 23 گواہان شامل ہیں ۔عدالت نے گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت 11 اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے۔