عوام کیلئے خوشخبری، پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 100 روپے کی سطح سے نیچے آ جانے کا امکان

تیل کی عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی فی بیرل قیمت 42 سے 50 ڈالر کی سطح تک گر جانے کا امکان، فائدہ پاکستان کو ہوگا

muhammad ali محمد علی بدھ 9 اکتوبر 2019 22:52

عوام کیلئے خوشخبری، پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 100 روپے کی سطح سے نیچے آ جانے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اکتوبر2019ء) عوام کیلئے خوشخبری، پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 100 روپے کی سطح سے نیچے آ جانے کا امکان، تیل کی عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی فی بیرل قیمت 42 سے 50 ڈالر کی سطح تک گر جانے کا امکان، فائدہ پاکستان کو ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق تیل کی عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہونے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے عالمی میڈیا میں گردش کرتی خبروں کے مطابق خام تیل کی قیمتیں 42 سے 50 ڈالر فی بیرل کی سطح تک گر سکتی ہیں۔

اس حوالے سے روس نے کہا ہے کہ خام تیل کے نرخ عنقریب 50 ڈالر فی بیرل کے قریب آجائیں گے۔ یہ بات روس کے وزیر توانائی الیگزینڈر نووک نے گزشتہ روز ایک بیان میں کیا۔انھوں نے کہا کہ روس کی سماجی و اقتصادی ترقی بارے پیش گوئی کا انحصار خام تیل کے نرخوں پر ہے اور تیل اور گیس آمدنی کے دو بڑے ذرائع ہیں۔

(جاری ہے)

توقع ہے کہ تیل کے نرخ عنقریب 50 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آجائیں گے۔

جبکہ غیر ملکی خبر رساں ادارے بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق روس نے اپنے رواں سال کے قومی بجٹ کو 42 ڈالر فی بیرل کے حساب سے تیار کیا ہے۔ روس کا یہ اقدام اشارہ ہے کہ خام تیل کی قیمت 42 ڈالر فی بیرل تک بھی گر سکتی ہے۔ اس حوالے سے پاکستان کے معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان کیلئے بہت ہی فائندہ مند صورتحال ہوگی۔ اگر عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں 42 سے 50 ڈالر فی بیرل کی سطح تک گر جاتی ہیں، تو ایسے میں پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 100 روپے فی لیٹر کی سطح سے نیچے آ سکتی ہیں۔

اس وقت پاکستان میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 113 روپے ہے۔ اگر پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوتی ہے، تو اس سے ملک میں مہنگائی کی شرح میں بھی کمی آئے گی۔ جبکہ حکومت پر بیرونی ادائیگیوں کے بوجھ میں بھی کمی آئے گی۔