شکست کی ذمہ داری کو قبول کرتا ہوں: مصباح الحق

ہم سری لنکا کو کمزور ٹیم سمجھ رہے تھے، میں نے ٹیم کا انتخاب کیا ہے اورمیں جوابدہ ہوں: قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا بیان

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 9 اکتوبر 2019 23:09

شکست کی ذمہ داری کو قبول کرتا ہوں: مصباح الحق
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9اکتوبر2019ء) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے سری لنکا کے ہاتھوں ٹی ٹونٹی پاکستانی ٹیم کے وائٹ واش پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہہم سری لنکا کو کمزور ٹیم سمجھ رہے تھے، میں نے ٹیم کا انتخاب کیا ہے اورمیں جوابدہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں شکست کی ذمہ داری کو قبول کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی پر حیران ہوں، اسی ٹیم نے میچز جیتے ہیں۔

خیال رہے کہ سری لنکا کی ٹیم نے آخری میچ میں 13رنز سے کامیابی حاصل کرکے پاکستان کےخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں وائٹ واش مکمل کرلیا ہے۔ ،تیسرے ٹی20 کےلئے پاکستانی ٹیم میں احمد شہزاد کی جگہ حارث سہیل، عمر اکمل کی جگہ افتخار احمد اور محمد حسنین کی جگہ عثمان خان شنواری کو شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

میچ کےلئے سری لنکن ٹیم میں داسن شناکا (کپتان)، دانوشکا گناتھیلاکا، سدیرا سماراوکرانا (وکٹ کیپر)، بھنوکا راجاپکسا، انجیلو پریرا، اوشادا فرنانڈو، وانندو ہسارنگا، لہیرو مدوشانکا، لکشن سنڈیکان، کوس راجیتھا اور لہیرو کمارا شامل ہیں جبکہ پاکستانی ٹیم سرفراز احمد (کپتان)، فخر زمان، بابراعظم، حارث سہیل، افتخار احمد، آصف علی، عماد وسیم، شاداب خان، وہاب ریاض، محمد عامر اور عثمان شنواری پر مشتمل ہے ۔

یاد رہے کہ سری لنکا کےخلاف پہلے ٹی20 میچ میں پاکستانی ٹیم 101 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی اور دوسرے میچ میں 182 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن ناکامی سے دوچار ہوئی اور 35 رنز سے شکست کے بعد سیریز 0-2 سے گنوا بیٹھی تھی۔ اب قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے سری لنکا کے ہاتھوں ٹی ٹونٹی پاکستانی ٹیم کے وائٹ واش کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شکست پر وہ جواب دہ ہیں لیکن یہ ٹیم چار سال پرانی ٹیم ہے ابھی کچھ وقت لگے گا۔