پاکستانی بلے بازوں نے سری لنکا کیخلاف پوری سیریز میں محض 3 چھکے لگائے

نمبر 1 ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کی شرمناک کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت، کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں مکمل طور ناکام رہا

muhammad ali محمد علی بدھ 9 اکتوبر 2019 23:34

پاکستانی بلے بازوں نے سری لنکا کیخلاف پوری سیریز میں محض 3 چھکے لگائے
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9اکتوبر2019ء) پاکستانی بلے بازوں نے سری لنکا کیخلاف پوری سیریز میں محض 3 چھکے لگائے، نمبر 1 ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کی شرمناک کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت، کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں مکمل طور ناکام رہا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کو تیسرے درجے کی سری لنکن ٹیم کے ہاتھوں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ شکست ہوئی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ چوکے چھکوں کیلئے مشہور ہے، تاہم دنیا کی نمبر 1 ٹی ٹوئنٹی ٹیم پاکستان پوری سیریز میں محض 3 چھکے لگا پائی۔ جبکہ پوری سیریز میں سوائے حارث سہیل کے، کوئی پاکستانی بلے باز 25 کی اوسط سے زائد کے حساب سے رنز نہ بنایا پایا۔ خیال رہے کہ سری لنکا کی ٹیم نے آخری میچ میں 13رنز سے کامیابی حاصل کرکے پاکستان کےخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں وائٹ واش مکمل کرلیا۔

(جاری ہے)

یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ کی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ سری لنکا کی تیسرے درجے کی ٹیم سے بدترین شکست کھانے پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور مینیجمنٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ تیسرے ٹی20 کےلئے پاکستانی ٹیم میں احمد شہزاد کی جگہ حارث سہیل، عمر اکمل کی جگہ افتخار احمد اور محمد حسنین کی جگہ عثمان خان شنواری کو شامل کیا گیا ہے۔

میچ کےلئے سری لنکن ٹیم میں داسن شناکا (کپتان)، دانوشکا گناتھیلاکا، سدیرا سماراوکرانا (وکٹ کیپر)، بھنوکا راجاپکسا، انجیلو پریرا، اوشادا فرنانڈو، وانندو ہسارنگا، لہیرو مدوشانکا، لکشن سنڈیکان، کوس راجیتھا اور لہیرو کمارا شامل ہیں جبکہ پاکستانی ٹیم سرفراز احمد (کپتان)، فخر زمان، بابراعظم، حارث سہیل، افتخار احمد، آصف علی، عماد وسیم، شاداب خان، وہاب ریاض، محمد عامر اور عثمان شنواری پر مشتمل تھی ۔ سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کو 148 رنز کا ہدف دیا تھا۔ تاہم پاکستانی بلے باز ہدف کے تعاقب میں 134 رنز ہی بنا سکے۔