Live Updates

رابی پیرزادہ کے وزیراعظم عمران خان کو کچھ ’مفید مشورے‘

سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ و ماڈل کے ٹویٹ پر خوب لے دے کی

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 10 اکتوبر 2019 05:54

رابی پیرزادہ کے وزیراعظم عمران خان کو کچھ ’مفید مشورے‘
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اکتوبر2019ء)   شوبز ستارے اگر میڈیا میں نہ ہوں تو ان کی چمک ماند پڑ جاتی ہے اس لیے انہیں ایسا مسالا یا مواد چاہیے ہوتا ہے کہ جس سے وہ شہ سرخیوں کا حصہ بنے رہیں۔گزشتہ دنوں ماڈل و اداکارہ رابی پیرزادہ بھی اس وقت میڈیا کی شہ سرخیوں کا حصہ بنیں جب انہیں سانپ، اژدھے اور مگر مچھ گھر میں رکھنے کی بنا پر نوٹس ملا اور اسی کیس میں عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر رکھے ہیں۔

وہ معاملہ ابھی میڈیا سے غائب ہوا ہی تھاکہ اب ان کی ٹویٹ نے انہیں سوشل میڈیا پر مشہور کر دیا۔ہوا کچھ یوں کہ اداکارہ نے وزیراعظم پاکستان کو کچھ مفید مشوروں سے نوازا جس پر خوب لے دے ہوئی۔رابی پیرزاہ نے وزیر اعظم عمران خان کو ملک سے غربت ختم کرنے کا مشورہ دیتا ہوئے انہیں یاد دلایا کہ انہیں علم ہونا چاہیے کہ پاکستانی عوام بھکاری نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ٹوئٹ کے ذریعے وزیر اعظم عمران خان کو اسلام آباد میں ’لنگر خانے‘ کھولنے کے بعد مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ دوسرے طریقے سے بھی حل کیا جا سکتا تھا۔رابی پیرزادہ نے اپنی ٹوئٹ میں وزیر اعظم کو مشورہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’خان صاحب بہت اچھا کام ہے بھوکے کو روٹی کھلانا، لیکن اگر لنگر پہ مفت روٹیاں توڑنے کے بجائے آپ اسی لنگر پر نوکری کرواتے تو لوگ محنت کر کے کھانا سیکھتے‘۔

گلوکارہ نے وزیر اعظم کو مخاطب ہوتے ہوئے مزید لکھا کہ ’آپ سمجھنے کی کوشش کریں،عوام بھکاری نہیں ہے، وہ کام کرنا چاہتے ہیں، بہت بے روزگاری ہے یہاں‘۔گلوکارہ و اداکارہ کی جانب سے عمران خان کو ملک سے غربت ختم کرنے کا مشورہ دینے پر کئی افراد نے ان کی ٹوئٹ کی تعریف کی اور ان سے متفق دکھائی دیے۔تاہم ساتھ ہی کچھ افراد نے یہ نشاندہی بھی کرائی کہ لاکھوں ایسے افراد ہیں جو عمر رسیدہ اور بیماریوں کی وجہ سے کوئی کام نہیں کر سکتے، اس لیے ایسے لنگر خانے بھی لازمی ہیں۔

اپنی ٹوئٹ پر بہت سارے لوگوں کی تعریف کرنے اور کئی افراد کی جانب سے سوالات کیے جانے کے بعد اداکارہ نے ایک اور ٹوئٹ کی اور بتایا کہ انہوں نے صرف وزیر اعظم کو مشورہ دیا ہے اور وہ یہ جانتی ہیں کہ بہت سارے پڑھے لکھے مرد حضرات بے روزگار ہیں۔اداکارہ نے مداحوں کو بتایا کہ ان کے پاس تمام افراد کے سوالوں کے جوابات دینے کا وقت نہیں۔تاہم اداکارہ نے یہ بھی واضح کرنا ضروری سمجھا کہ ان کے کنسرٹس کی کمائی کا ایک بڑا حصہ ناداراور مستحق بچوں کے کھانے اور تعلیم پر خرچ ہوتا ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات