باپ اور بیٹے کے قتل کی لرزہ خیز واردات

اندھے قتل کا فی الحال کوئی سراغ نہیں مل رہا

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 10 اکتوبر 2019 06:32

باپ اور بیٹے کے قتل کی لرزہ خیز واردات
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اکتوبر2019ء)   جان اس قدر سستی ہے کہ لینے والاذرہ بھر بھی تامل نہیں کرتا۔پستول،چاقو یا گلا دبا کر کسی بے گناہ کو مار دینا پیشہ ور مجرموں کے لیے کوئی معنی نہیں رکھتا۔آج کے دور میں مرنے والا تو ہے ہی بے گناہ تاہم مارنے والے کو بھی یہ معلوم نہیں ہوتا کہ میں کسی کو کیوں ماررہا ہوں۔ایسے ہی ایک بے گناہ قتل کی واردات گزشتہ روز کراچی میں ہوئی ہے جہاں باپ اور بیٹا کو سوتے میں قتل کردیا گیا ہے۔

کلفٹن کے حساس سکیورٹی علاقے میں پی ایچ ڈی ڈاکٹر اور جواں سال بیٹے کو گھر میں قتل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق کلفٹن میں سیکیورٹی کے حوالے سے انتہائی حساس علاقے بلاک 4 میں باپ بیٹے کے دوہرے قتل کی واردات بدھ کی صبح ساڑھے 6 بجے سے 8 بجے کے درمیان ہوئی۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق 65 سالہ پی ایچ ڈی ڈاکٹر فصیح عثمانی اور ان کے 22 سالہ بیٹے کامران عثمانی کی لاشیں صبح ان کے گھر کے بیڈ روم سے ملیں، واردات کے وقت دونوں باپ بیٹا سوئے ہوئے تھے۔

پولیس کے مطابق فصیح عثمانی کی اہلیہ مسز آسیہ نے بیان دیا ہے کہ وہ صبح ساڑھے 6 بجے معمول کے مطابق گھر سے واک کرنے کے لیے چلی گئیں، شوہر اور بیٹا سو رہے تھے، واپس آنے کیلئے گھر کی اطلاعی گھنٹی بجا کر انہیں نیند سے جگانا نہ پڑے اس لئے وہ واپس آنے کیلئے گھر کا پچھلا چھوٹا دروازہ کھلا چھوڑ گئیں، واک کے بعد خاتون گھر واپس پہنچیں تو قیامت کا منظر تھا، شریک حیات اور ان کے لخت جگر کی لاشیں بیڈروم میں خون میں لت پت پڑی تھیں۔

ایس ایچ او کلفٹن پیر شبیر کے مطابق نقد رقم، لیپ ٹاپس، موبائل فونز، زیورات اور دیگر بھاری قیمتی اشیاء گھر میں جوں کا توں موجود ہے اور ملزمان نے بظاہر کسی چیز کو ہاتھ تک نہیں لگایا۔ پولیس کے مطابق واردات کس تیزدھار آلے سے ہوئی یہ بھی معلوم نہیں کیونکہ ملزمان آلہ قتل بھی ساتھ لے گئے۔ ایس ایس پی انوسٹی گیشن طارق دھاریجو نے بتایا کہ گھر میں کوئی چوکیدار اور سی سی ٹی وی کیمرہ نہیں، واردات میں کوئی گھر کا بھیدی ملوث لگتا ہے۔

پولیس کے مطابق مقتول فصیح عثمانی کراچی کے کئی میڈیکل کالجز میں تدریس کا کام کرتے رہے، ایک سال قبل ہی ان کے بڑے بیٹا کا انتقال ہوا ہے جب کہ ان کے ساتھ قتل کیا گیا بیٹا کامران امریکہ میں مقیم ہے جو دو ماہ قبل والدین سے ملنے کیلئے کراچی آیا تھا، مقتول کی دو بیٹیاں ہیں جن میں ایک کینڈا جبکہ دوسری امریکہ میں مقیم ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ خاندان کراچی سے امریکہ منتقل ہونے کی تیاری کر رہا تھا۔