سری لنکن ٹیم کی سکیورٹی اہلکاروں کو خراج تحسین

مہمان کھلاڑیوں نے سٹیڈیم میں سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ خصوصی تصاویر بنوائیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 10 اکتوبر 2019 13:02

سری لنکن ٹیم کی سکیورٹی اہلکاروں کو خراج تحسین
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10اکتوبر2019ء) سری لنکن کرکٹ ٹیم کامیاب دورہ پاکستان کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئی، سٹیڈیم سے روانگی سے قبل اور ایئرپورٹ پر مہمان کھلاڑیوں نے سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ خصوصی تصاویر بنوائیں اور ان کے ساتھ گفتگو بھی کی۔روانگی سے قبل کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کے اراکین نے سکیورٹی اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا اور سوینیئرز بھی دیئے۔

اس موقع پر سری لنکن کھلاڑیوں نے کہا کہ موقع ملا تو دوبارہ پاکستان آئیں گے، خواہش ہے کہ پاکستان میں اسی طرح انٹرنیشنل کرکٹ ہو۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گزارے ہوئے ایک ایک لمحے کو یاد رکھیں گے، سری لنکا کرکٹ نے سوشل میڈیا پر تصاویر لگا کر’ تھینک یو لاہور‘ کا پیغام بھی دیا۔سری لنکا کرکٹ کے عہدیداروں نے پی سی بی اور سکیورٹی اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا، سری لنکن بیٹسمین دنوشکا گوناتھیلاکا نے اپنے پیغام میں کہا کہ” ایک خاص دورے کا اختتام ہوگیا ہے، انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی پی سی بی کا شاندار اقدام ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی بہت اچھی رہی ہر ملک کو یہاں جلد آنا چاہیے، پاکستان ایک محفوظ ملک ہے اور کرکٹ دیکھنا شائقین کا حق ہے“۔
ادھرسری لنکن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے ٹی ٹونٹی سیریز میں پاکستانی ٹیم کو شکست دینے کیساتھ ساتھ خریداری بھی کی۔ لیدر شاپ کے مالک عمران بشیر نے مہمان کھلاڑیوں کو لیدر کی اشیا فراہم کیں۔سری لنکن کھلاڑیوں نے بیلٹ، پرس، بیگ اور کمپیوٹر بیگ خریدے۔سری لنکن کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ لاہوریوں نے مہمان نوازی سے ہمارے دل جیت لئے ہیں اور زندہ دلوں کی مہمان نوازی کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔