Live Updates

عمران خان کی حکومت ناکام،آئندہ دنوں میں حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کا ساتھ مشکل ہو جائے گا

نومبر کے بعد حکومت کیلئے اسٹیبلشلمنٹ کی سپورٹ مزید مشکل بلکہ نا ممکن ہوتی چلے گی،نواز شریف اور زرداری کو سچا ثابت کرنے کے لیے بس ایک عدالتی مہر کی ضرورت ہو گی،آئندہ ہفتوں میں ان لوگوں کو ایک ایک کر کے جیل سے باہر آتا دیکھیں گے۔ معروف کالم نگار جاوید چوہدری کا کالم میں اظہارِ خیال

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 10 اکتوبر 2019 13:27

عمران خان کی حکومت ناکام،آئندہ دنوں میں حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کا ساتھ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 اکتوبر 2019ء) : معروف صحافی جاوید چوہدری نے اپنے کالم "بس مولانا کو روکیں" میں حکومت کی کئی مشکلات کا ذکر کیا ہے۔جس میں مہنگائی اور دیگر مسائل شامل ہیں۔جاوید چوہدری پنجاب میں خراب حالات کی وجہ سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔جاوید چوہدری کا کہنا ہے کہ ملک میں سردیاں شروع ہو چکی ہیں۔

شاہد خاقان عباسی اور اقبال زیڈ احمد نیب کی حراست میں ہیں،حسین داوؤ کو بھی نوٹس مل چکا ہے۔چنانچہ ملک میں کسی بھی وقت ایل این جی کا بحران پیدا ہو سکتا ہے۔سردیوں میں گیس غائب ہو جائے گی اور یوں ملک 2012ء میں واپس چلا جائے گا جب لوگ کچا آٹا لے کر سڑکوں پر نکل کھڑے ہوتے تھے۔حکومت مسلسل دعویٰ کر رہی ہے کہ ہم اور اسٹیبلشمنٹ ایک پیج پر ہیں،حکومت کا یہ دعویٰ درست ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان کو واقعی اسٹیبلشمنٹ کی بے انتہا سپورٹ حاصل ہے لیکن کیا یہ سپورٹ مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔میرا خیال ہے کہ نہیں،یہ تعاون وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مشکل ہوتا چلا جائے گا۔نومبر کے بعد حکومت کے لیے سپورٹ مزید مشکل بلکہ نا ممکن ہوتی چلے گی،قوم ملک کی دونوں جماعتوں کی قیادت کو کرپٹ سمجھتی تھی لیکن عمران خان کی غلطیاں انہیں بے گناہ ثابت کرتی جا رہی ہیں۔

عوام کو یہ سچے اور ایمان دکھائی دے رہے ہیں۔بس عدالت کی مہر باقی ہے اوریہ مہر کسی بھی وقت لگ جائے گی،آپ آئندہ ہفتوں میں ان لوگوں کو ایک ایک کر کے جیل سے باہر آتا دیکھیں گے۔حکومت اس محاذ پر بھی پسپا ہو جائے گی،لہذا ہم تاریخ کے جوہڑ میں جا گریں گے۔ہم نے 1971ء میں ایک فاش غلطی کی تھی،شیخ مجیب الرحمن نے آزادانہ الیکشن کی اکثریت حاصل کر لی تھی۔حکومت بنانا اس کا حق تھا۔ ہم نے اسے یہ حق نہ دے کر ملک توڑ دیا،ہم آج اس حکومت کو بچا کر 1971ء سے بھی بڑی غلطی کریں گے۔یہ لوگ بنیادوں کے ساتھ بیٹھے رہے ہیں۔یہ جاتے جاتے اپنے ستونوں کو بھی ساتھ لے کر جائیں گے۔اور مجھے نہیں لگتا کہ اسٹیبلشمنٹ مستقبل میں حکومت کا ستون بننا پسند کرے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات