دُبئی کے حکمران نے دُنیا کا مہنگا ترین گھوڑا خرید لیا

انگلینڈ میں خریدے گئے اس بیش قیمت گھوڑے کی قیمت 68 کروڑ روپے سے زائد ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 10 اکتوبر 2019 14:51

دُبئی کے حکمران نے دُنیا کا مہنگا ترین گھوڑا خرید لیا
دُبئی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10اکتوبر2019ء) متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور دُبئی کے فرماں روا شیخ محمد راشد بن المکتوم دُنیا بھر میں اپنے ایک منفرد شوق کی وجہ سے بھی مشہور ہیں، اور وہ شوق ہے اعلیٰ ترین نسل کے گھوڑے پالنے کا۔ 70 سالہ شیخ محمد نے گھوڑوں کی ریس کی ٹریننگ، ان کی پرورش اور ریس کے حوالے سے ایک عالمی کلب بھی بنا رکھا ہے، جہاں پر اعلیٰ سے اعلیٰ ترین نسل کے گھوڑے موجود ہیں۔

اس عالمی شہرت یافتہ کلب ہارس بریڈنگ کلب کا نام انہوں نے اپنے اعلیٰ نسل کے گھوڑے ’گو ڈولفن عربین‘ کے نام سے ’گو ڈولفن‘ رکھا ہے۔ ان کے بارے میں اب تازہ ترین خبر یہ ہے کہ انہوں نے انگلینڈ میں گھوڑوں کی فروخت کے عالمی میلے کے دوران دُنیا کا مہنگا ترین گھوڑا خرید لیا ہے۔

(جاری ہے)

گھوڑوں کی فروخت کے اس عالمی میلے کا انعقاد کرنے والی کمپنی ’ٹاٹر سیلز‘ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دُبئی کے حکمران نے ’دباوی ہاف برادر‘ نامی گھوڑے کو ریکارڈ قیمت میں خریدا ہے جس کی پاکستانی روپوں میں مالیت 68 کروڑ روپے بنتی ہے۔

’دباوی ہاف برادر‘ نامی یہ گھوڑا برطانیہ میں متعدد گھڑ دوڑ مقابلوں کے دوران فاتح رہ چکا ہے۔ اس کی ابتدائی بولی دیگر گھوڑوں کے مقابلے میں ابتدا سے ہی زیادہ لگائی گئی تھی جو کہ 32 لاکھ کینی تھی۔ ایک موقع پر اس کی قیمت 34 لاکھ کینی پہنچ گئی۔ مگر اس موقع پر شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اس کی قیمت 36 لاکھ کینی (43 لاکھ 50 ہزار ڈالر) لگا دی۔ جب کوئی اور بولی دہندہ اتنی قیمت لگانے پر تیار نہ ہوا تو کمپنی کی جانب سے یہ شاندار گھوڑا شیخ محمد کو بیچ دیا گیا۔ واضح رہے کہ کَینی ایک آن لائن کوائن ہے جسے گھوڑوں کی خرید و فروخت کرنے والی کمپنی تسلیم کرتی ہے۔