Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنما کا خیال ہے کہ موجودہ نظام ایک سال سے زیادہ نہیں چل سکتی

موجودہ نظام کو چلانا عمران خان کے بس کا کام نہیں ہے۔ صحافی طارق آفاق کا دعویٰ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 10 اکتوبر 2019 15:00

پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنما کا خیال ہے کہ موجودہ نظام ایک سال سے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 اکتوبر 2019ء) : مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں صحافی طارق آفاق نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنما اور اعلٰی حکومتی شخصیت کی رائے ہے کہ موجودہ نظام ایک سال سے زیادہ چل ہی نہیں سکتا اور نہ ہی اسے چلانا عمران خان کے بس کا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مسائل کاحل نظام کی تبدیلی میں پنہاں ہے۔

طارق آفاق کے اس ٹویٹ کے بعد سے ہی سیاسی حلقوں میں چہ مگوئیاں ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو اقتدار میں آئے ایک سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے لیکن اس ایک سال میں موجودہ حکومت عوام کا اعتماد حاصل کرنے میں بُری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عوام کی پریشانی اور مشکلات کا بھانپتے ہوئے اپوزیشن جماعتیں پہلے سے ہی حکومت کی تبدیلی کا مطالبہ کر رہی ہیں کیونکہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بنائے گئے اس ''نئے پاکستان'' میں نہ تو غریب کو دو وقت کی روٹی میسر ہے جبکہ مہنگائی ہے کہ ہر روز آسمان کو چُھو رہی ہے جس نے غریب تو غریب متوسط طبقے کو بھی مشکلات سے گھیر دیا ہے۔

(جاری ہے)

یہی وجہ ہے کہ عوام بھی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سے کچھ نالاں اور مایوس دکھائی دیتی ہے۔ تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ موجودہ حکومت نظام کو بہتر انداز میں چلانے میں ناکام ہو گئی ہے اور اب ان ناکامیوں کا بوجھ عوام پر پڑ رہاہے جو مزید کچھ عرصہ تک عوام کی بھی قوت برداشت سے باہر ہو جائے گا۔ کچھ حلقوں کا خیال ہے کہ موجودہ حکومت اپنے ہی بوجھ سے گر جائے گی جبکہ کچھ کا خیال ہے کہ مولانا کا آزادی مارچ اور دھرنا موجودہ حکومت کے کفن میں آخری کیل ثابت ہو گا اور یہ حکومت ختم ہو جائے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات