”فضل الرحمان امامت کروائیں گے اور پوری قوم ان کے پیچھے نماز پڑھے گی“

نواز شریف نے اپنے دامادکیپٹن(ر) صفدر کے ہاتھ اہم پیغام بھجوا دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 10 اکتوبر 2019 15:36

”فضل الرحمان امامت کروائیں گے اور پوری قوم ان کے پیچھے نماز پڑھے گی“
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10اکتوبر2019ء ) جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے اعلان کردہ آزادی مارچ میں شرکت کے حوالے سے ابھی تک پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کوئی واضح موقف سامنے نہیں آ سکا تھا۔ تاہم آج مسلم لیگی رہنما کیپٹن (ر) صفدر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ نواز شریف نے مولانا فضل الرحمٰن کے آزادی مارچ اور دھرنے میں شرکت کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نوازشریف نے پارٹی کارکن اور اعلیٰ عہدیداران کو مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں بھرپور شرکت کرنے کا پیغام بھجوا دیا ہے۔ مریم نواز کے شوہر اور نواز شریف کے داماد کیپٹن صفدر نے آج کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کی۔ کیپٹن صفدر کے مطابق نواز شریف نے پیغام بھیجا ہے کہ تمام تر مسلم لیگ مولانا فضل الرحمن کے مارچ میں بھرپور طریقے سے شرکت کرے۔

(جاری ہے)

  کیپٹن صفدر نے میڈیا سے بات میں مزید کہا کہ فضل الرحمان امامت کروائیں گے اور پوری قوم ان کے پیچھے نماز پڑھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دھرنا نہیں ہے کشمیر کیلئے آزادی مارچ ہے۔خیال رہے کہ ن لیگ کی کمیٹی نے دھرنے میں شرکت کا معاملہ تاحیات قائد نوازشریف پر چھوڑ رکھا تھا اور آج نواز شہباز ملاقات سے حتمی فیصلے کی امید کی جارہی تھی۔دوسری جانب ذرائع نے خبر دی ہے کہ صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کمر درد کے باعث آج کوٹ لکھپت جیل نہیں جائیں گے اور ڈاکٹرز کی ہدایت کے باعث آرام کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق نوازشریف، اور مریم نواز مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں بھرپور شرکت کے حامی ہیں جبکہ شہباز شریف آزادی مارچ میں پارٹی کے وفد کی سطح پر شرکت کے حامی ہیں۔