ایم ڈی نیسپاک کی قطری کمپنیوں کے اعلی عہدیداران سے ملاقات

جمعرات 10 اکتوبر 2019 16:51

ایم ڈی نیسپاک کی قطری کمپنیوں کے اعلی عہدیداران سے ملاقات
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2019ء) ) نیسپاک کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہر مسعود نے حال ہی میں قطر کا دورہ کیا اور دوحہ میںنجی اور سرکاری کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقات کی۔ اپنے دورے کے دوران ، ایم ڈی نیسپاک نے قطرپبلک ورکس اتھارٹی اشگل کے صدر جناب سعد احمدابراہیم آل موہنادی ، جناب یوسف علی العبیدان چیف ایگزیکٹو آفیسر ، المیرا کنزیومر گڈز کمپنی ، کے جی گروپ کے چیئرمین زید منصور سیف الخیرین اور ہواوے گلف نارتھ ریجن کے منیجنگ ڈائریکٹر مسٹر جیفری چن سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

اس دورے کا مقصد پاکستان میں انجینئرنگ کنسلٹنسی کی سب سے بڑی کمپنی نیسپاک کے لئے کاروبار کے نئے مواقع کی تلاش اور مقامی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا تھا۔ ملاقاتوں کے دوران ، ایم ڈی نے دوحہ میں نیسپاک اور اس کے دفتر کا تفصیلی تعارف پیش کیا اور توانائی ، اور دیگر ترقیاتی شعبوں میں نیسپاک کی پیشہ ورانہ خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے قطر اور دنیا کے دیگر حصوں میں نیسپاک کی زیر نگرانی جاری منصوبوں کی تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے نیسپاک کا پورٹ فولیو بھی پیش کیا اور ہواوے جیسی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ مشرق وسطی میں مستقبل کے منصوبوں میں نیسپاک کے ساتھ تعاون کریں۔