اربعین کے ویزہ کے اجراء کا مسئلہ خوش اسلوبی سے طے پا گیا ہے،

اربعین کے لیے عراق جانے کے خواہشمند کو ویزے جاری کر دیئے جائیں گے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا ویڈیو پیغام

جمعرات اکتوبر 17:23

اربعین کے ویزہ کے اجراء کا مسئلہ خوش اسلوبی سے طے پا گیا ہے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اربعین کے ویزہ کے اجراء کا مسئلہ خوش اسلوبی سے طے پا گیا ہے،جو لوگ اربعین کے لیے عراق جانے کے خواہشمند ہیں اور انہوں نے ویزا کیلئے درخواستیں دے رکھی ہیں ان کو ویزے جاری کر دیئے جائیں گے۔جمعرات کو اپنے ایک اہم ویڈیو پیغام میں وزیر خارجہ نے کہا کہ میری عراق کے وزیر خارجہ محمد علی حاکم سے ٹیلیفون پر بات ہوئی ہے اور مجھے یہ بتاتے ہوئے مسرت محسوس ہو رہی ہے کہ اربعین کے ویزہ کے اجراء کا مسئلہ خوش اسلوبی سے طے پا گیا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ عراقی حکومت اور وزارت خارجہ کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے ہماری درخواست کو قبول کیا وہ لوگ جو اربعین کے لیے عراق جانے کے خواہشمند ہیں اور انہوں نے ویزا کیلئے درخواستیں دے رکھی ہیں ان کو ویزے جاری کر دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

یہ بھی فیصلہ ہوا ہے کہ اس سلسلے میں جو اضافی سٹاف درکار ہو گا وہ بھی عراقی سفارت خانے سے بھیجا جائے گا تاکہ ویزہ کے امور بروقت تکمیل پا سکیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے یہ بھی طے کیا ہے کہ اس مسئلے کے مستقبل حل کیلئے کوئی باہمی متفقہ لائحہ عمل ترتیب دیا جائے جیسا کہ عراق اور خلیجی ممالک کے مابین ہے تاکہ آئندہ یہ مسائل پیش نہ آئیں اور ویزہ کے حصول میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔میں نے انہیں دورہ ء پاکستان کی دعوت بھی دی ہے جو انہوں نے قبول کی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عراقی حکومت کی خواہش ہے کہ نہ صرف اہل تشیع بلکہ اہل سنت بھی جو زائرین زیارات کیلئے عراق آمد کے خواہاں ہیں انہیں خوش آمدید کہیں گے۔عراق میں امام ابو حنیفہ رح اور حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی کے روضہ پر بھی جو آنا چاہیں وہ انہیں سہولت فراہم کریں گے۔ہمیں خوشی ہے کہ یہ مسئلہ خوش اسلوبی سے طے پا گیا ہے۔