Live Updates

جنرل قمرجاوید باجوہ چاہتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمان یہ دھرنا نہ دیں

آرمی چیف نے دھرنا رکوانے کی پوری کوشش کی ہے لیکن مولانا فضل الرحمان نہیں مان رہے،ماضی کی تحریکوں سے جے یوآئی(ف) کی تحریک کا کوئی موازنہ نہیں کیا جاسکتا۔سینئر تجزیہ کار حامدمیر کا تبصرہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 10 اکتوبر 2019 17:05

جنرل قمرجاوید باجوہ چاہتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمان یہ دھرنا نہ دیں
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 اکتوبر2019ء) سینئر تجزیہ کار صحافی حامد میر نے کہا ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ چاہتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمان یہ دھرنا نہ کریں، آرمی چیف نے دھرنا رکوانے کی پوری کوشش کی ہے لیکن مولانا فضل الرحمان نہیں مان رہے، ماضی کی تحریکوں سے جے یوآئی(ف) کی تحریک کا موازنہ نہیں کیا جاسکتا،یہ تحریک نہ تو1977ء کی تحریک ہے ،اورنہ ہی یہ تحریک 2014ء کی عمران خان کی تحریک ہے جس کے پیچھے جنرل راحیل شریف اورتھے۔

انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی تحریکوں کا موازنہ موجودہ حالات میں اس تحریک سے نہیں کیا جاسکتا، یہ تحریک نہ تو1977ء کی تحریک ہے ،جس میں پی این اے کے پیچھے امریکن سی آئی اے تھی،نہ یہ تحریک 2014ء کی عمران خان کی تحریک ہے جس کے پیچھے جنرل راحیل شریف اور دوسرے لوگ تھے۔

(جاری ہے)

لیکن مولانا فضل الرحمان کی تحریک بالکل مختلف ہے جس میں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن دونوں پریشانی کا شکار ہیں۔

حامد میر نے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ چاہتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمان یہ دھرنا نہ کریں،آرمی چیف نے دھرنا رکوانے کی پوری کوشش کی ہے لیکن مولانا فضل الرحمان نہیں مان رہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کو لائٹ لیتی رہی ہے ، شیخ رشید اور دوسرے وزراء بڑے یقین کے ساتھ کہتے رہے کہ مولانا فضل الرحمان دھرنے کیلئے اسلام آباد نہیں آئیں گے۔

لیکن مولانا نے 27اکتوبر کی تاریخ کا اعلان کردیا۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن)کے رہنما کیپٹن (ر)صفدر نے کوٹ لکھپت جیل لاہور میں نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن (ر)صفدر نے کہا کہ فضل الرحمان آزادی مارچ کے دولہا ہیں اور ہم انکے ساتھ کھڑے ہیں، مسلم لیگ (ن) کے تمام رہنما نواز شریف کی قیادت میں متفق ہیں، نواز شریف اور مریم نواز پر عزم ہیں اور فیصلہ کیا ہے کہ ہم نے مولانا فضل الرحمان کے دھرنے میں شرکت کرنی ہے۔

انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ ن مولانا فضل الرحمان کو آزادی مارچ میں شرکت پر تین دفعہ قبول ہے کہہ چکی ہے، دھرنے کے قائد مولانا فضل الرحمان اور ہم سب مقتدی ہوں گے، آزادی مارچ کے دلہا مولانا فضل الرحمان اور جو گھر جائے گی وہ دلہن ہوگی، نوازشریف نے پیغام دیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں ضرور شرکت کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات