سعودی عرب سے پانچ سو 79 قیدی رہا کیے گئے،قیدیوں کو سعودی ولی عہد کے دورے کے بعد شاہی حکم پر رہا کیا گیا، قائمہ کمیٹی کو بریفنگ

جمعرات 10 اکتوبر 2019 20:37

سعودی عرب سے پانچ سو 79 قیدی رہا کیے گئے،قیدیوں کو سعودی ولی عہد کے دورے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2019ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیز کو بتایاگیا ہے کہ سعودی عرب سے پانچ سو 79 قیدی رہا کیے گئے،قیدیوں کو سعودی ولی عہد کے دورے کے بعد شاہی حکم پر رہا کیا گیا۔ جمعرات کو قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی سمندر پار پاکستانی کا شیخ فیاض الدین کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن سے متعلق کمیٹی کو بریفنگ دی گئی ۔

کمیٹی کو بیرون ملک پاکستانی قیدیوں کی رہائی سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی ۔ حکام وزارت اوورسیز نے بتایاکہ سعودی عرب سے پانچ سو 79 قیدی رہا کیے گئے،قیدیوں کو سعودی ولی عہد کے دورے کے بعد شاہی حکم پر رہا کیا گیا، حکام نے بتایاکہ رہا ہونے والے قیدی منشیات, چوری جیسے مقدمات میں قید تھے،سعودی حکام نے 3ہزار تین سو 96 بے دخل پاکستانیوں کو بھی وطن واپس بھیجا۔

(جاری ہے)

کمیٹی کو ورکر ویلفیئر فنڈ کے تحت گھر اور صحت کے منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی ۔ حکام نے بتایاکہ پنجاب میں سات،سندھ میں 29 گھروں کے منصوبے مکمل کیے گئے۔ حکام کے مطابق خیبرپختونخواہ میں 26 اور بلوچستان میں 33 گھروں کے منصوبے مکمل ہیں،پنجاب میں سات اور سندھ میں 6 ہسپتال بنائے گئے۔حکام کے مطابق خیبرپختونخواہ میں 13 ڈسپنسریز اور تین ہسپتال بنائے گئے،بلوچستان میں 24 صحت کے منصوبے مکمل ہیں۔