Live Updates

شہریارخان آفریدی کی اقوام متحدہ میں یورپی سفیر کارل ہیلرگارڈ سے ملاقات

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی، کرفیو اور قابض بھارتی فوج کی نوجوانوں کو ٹارگٹ کرنے کی مہم پر تفصیلی بریفنگ دی

جمعرات 10 اکتوبر 2019 23:36

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2019ء) وزیر مملکت سیفران و انسداد منشیات شہریارخان آفریدی نے اقوام متحدہ میں یورپی سفیر کارل ہیلرگارڈ سے جنیوا میں ملاقات کی۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی، کرفیو اور قابض بھارتی فوج کی نوجوانوں کو ٹارگٹ کرنے کی مہم پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر یورپین سفیر کارل ہیلر گارڈ نے کہا کہ یورپی یونین کو کشمیر کی صورتحال پر تشویش ہے۔

یورپی یونین کشمیر کی صورتحال پر مسلسل نگاہ رکھے ہوئے ہے، ہم وہاں انسانی حقوق کی ابتر پر بھی مسلسل نظر رکھے ہوئیہیں۔ کارل ہیلرگارڈ نے کہا کہ یورپی یونین وزیر اعظم عمران خان کی کشمیر میں انسانی حقوق کی بحالی کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کی چالیس سال سے لاکھوں افغان مہاجرین کی فراخدلانہ مہمان نوازی کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

کارل ہیلرگارڈ نے کہا کہ ہم افغان مہاجرین کی مہمان نوازی پر حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ یورپی مشن اقوم متحدہ میں تعینات پاکستانی مشن سے قریبی رابطے میں ہے۔ ہم مختلف ایشوز پر تبادلہ خیالات کر تے ہیں۔ اس موقع پر شہریارخان آفریدی نے یورپی یونین کے سفیر کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی، 66 روزہ کرفیو اور قابض فوج کی کشمیری نوجوانوں کو ٹارگٹ کرنے کی پالیسی پر بریفنگ دی۔

شہریارخان آفریدی نے کہا کہ اس سے قبل کہ کشمیر میں انسانی المیہ جنم لے دنیا کو اقدامات کرنا ہوں گے۔ کشمیر جنوبی ایشیاء میں دو ہمسایوں کے درمیان نیوکلیئر فلیش پوائنٹ ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ستر سال سے حقوق کے متلاشی کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق استصواب رائے کا حق رکھتے ہیں۔ پاکستان کبھی اس حق پر سمجھوتہ نہیں کریگا۔

شہریارخان آفریدی نے کہا کہ بھارت نے کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی فوجی چھائونیبنا رکھا ہے۔ افواج کے درمیان کوئی غلط فہمی خطے کو ایسی جنگ میں دھکیل سکتی ہے جس کے اثرات بارڈر اور خطے سے باہر جائیں گے۔ شہریارخان آفریدی نے کہا کہ پاکستان اپنے مالی مسائل کے باوجود لاکھوں افغان مہاجرین کی فراخدلانہ مہمان نوازی کررہا ہے۔ ہم نہ صرف افغان مہاجرین کو خوراک فراہم کررہے ہیں بلکہ تعلیم، صحت اور دیگر بنیادوں سہولیات بھی فراہم کررہے ہیں۔ شہریارخان آفریدی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے خصوصی حکم پر ڈیڑھ لاکھ افغان مہاجرین کو بنک اکاؤنٹس کھولنے کی سہولت دی گئی ہے جو بے مثال ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات