بھارت کے جوہری معاملات میں لائی جانے والی خطرناک تبدیلیوں سے باخبر ہیں: جنرل زبیر محمود حیات

بھارت کی جوہری تبدیلیوں میں فورسز کی تعیناتی، بیلسٹک میزائل ڈیفنس کی تیاری اور ان کی تنصیب، اینٹی سیٹلائٹ ٹیسٹ شامل ہیں: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 10 اکتوبر 2019 20:31

بھارت کے جوہری معاملات میں لائی جانے والی خطرناک تبدیلیوں سے باخبر ..
نوشہرہ/رسالپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 10 اکتوبر2019ء) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا ہے کہ بھارت کے جوہری معاملات میں لائی جانے والی خطرناک تبدیلیوں سے باخبر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جوہری تبدیلیوں میں فورسز کی تعیناتی، بیلسٹک میزائل ڈیفنس کی تیاری اور ان کی تنصیب، انٹی سیٹلائٹ ٹیسٹ شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اکستان ایک ذمہ دار جوہری ملک ہے اور ہمارے علم میں ہے کہ بھارت جوہری معاملات میں خطرناک تبدیلیاں لا رہا ہے جس کے بارے میں مکمل طورپر آگاہ ہیں۔ رسالپور پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بھارت کو خبردار کیا کہ پاکستان کے پاس جواب دینے کے لیے بااعتماد تزویراتی حکمت عملی ہے جو نیشنل کمانڈ اتھارٹی کو تمام ممکنہ اپشنز فراہم کرتی ہے اس لیے بہتر ہے کہ امن کی بحالی پر توجہ دی جائے۔

(جاری ہے)

جنرل زبیر محمود حیات نے پاس آوٹ ہونے والے کیڈٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ ہندوتوا کی علمبردار راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نے ناصرف بھارت میں اقلیتوں کے لیے حالات مشکل کردیے ہیں بلکہ اس کے بڑھتے ہوئے جارحانہ عزائم پاکستان اور پورے خطے کے لیے خطرہ بن گئے ہیں۔ جنرل زبیر محمود حیات کا مزید کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن مقبوضہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات رسالپور پہنچنے تو ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا، مہمان خصوصی جنرل زبیر محمود حیات نے پریڈ کے دستوں کا معائنہ کیا۔ ایئر چیف مارشل مجاہد انور مہمان خصوصی کے ہمراہ سلامی کے چبوترے پر آئے۔ کیڈٹس کے چاک و چوبند دستے نے مارچ پاسٹ کیا اور سلامی دی۔

اس موقع پر فوجی بینڈ نے دلوں کو گرما دینے والی دھنیں بکھیریں۔ مہمان خصوصی جنرل زبیر محمود حیات نے سکواڈرن نمبر 2 کو قائداعظم بینر عطا کیا۔ 142 ویں جی ڈی پی، 88 ویں ایروناٹیکل انجینئرنگ کورس اور 23 ویں اے اینڈ ایس ڈی، 98 ویں اے ڈی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں پاکستان سمیت دوست ممالک کے کیڈٹس پاس آؤٹ ہونیوالوں میں شامل ہیں۔