بھارتی فوج کی جانب سے رات کے اندھیرے میں وادی نیلم پر شدید گولہ باری

بھارتی فوج کی گولہ باری کے باعث ایک مکان تباہ، تین شہری شدید زخمی ہوگئے، پاک فوج کی جانب سے بھی بھرپور جوابی کاروائی

muhammad ali محمد علی جمعہ 11 اکتوبر 2019 00:53

بھارتی فوج کی جانب سے رات کے اندھیرے میں وادی نیلم پر شدید گولہ باری
وادی نیلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اکتوبر2019ء) بھارتی فوج کی جانب سے رات کے اندھیرے میں وادی نیلم پر شدید گولہ باری، بھارتی فوج کی گولہ باری کے باعث ایک مکان تباہ، تین شہری شدید زخمی ہوگئے، پاک فوج کی جانب سے بھی بھرپور جوابی کاروائی۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ایک ہی روز کے دوران دوسری مرتبہ لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ بھارتی فوج نے رات کی تاریکی میں وادی نیلم کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے۔ بھارتی فوج کی جانب سے شدید گولہ باری کی گئی جس باعث شہری آبادی بری طرح متاثر ہوئی۔ بھارتی فوج کی گولہ باری کے باعث ایک مکان تباہ ہوگیا جبکہ تین شہری شدید زخمی ہوئے۔ جواب میں پاک فوج کی جانب سے بھی منہ توڑ جواب دیا گیا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کے گئے بیان کے مطابق بھارت نے ایل او سی کے بروہ اور چری کوٹ سیکٹر پر جمعرات کی صبح بلا اشتعال فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دو خواتین زخمی ہو گئی ہیں جن کا تعلق سریاں گاؤں سے ہے۔

پاک فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں سپاہی نعمت ولی جام شہادت نوش گر گئے۔پاک فوج نے بھرپور جواب کاروائی کرتے ہوئے بھارت کی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔موثر جووابی کاروائی میں متعدد بھارتی فوجیوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں جب کہ بھارتی چوکیوں کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے۔خیال رہے کہ دو روز قبل بھی بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پرفائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک خاتو ن شہید ہوگئی ۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق پولیس عہدیدار ذوالقرنین چوہدری نے بتایا کہ آزاد جموں کشمیر کے علاقے عباس پور میں گھر کے باہر کھڑی خاتون گولی لگنے سے جاں بحق ہو گئیں۔انہوں نے بتایا کہ یہ فائرنگ بھارت کی جانب سے کی گئی جس کے نتیجے میں خاتون کو زخم آئے اور وہ جاں بر نہ ہوسکیں۔ یہ فائرنگ ایک ایسے موقع پر کی گئی جب امریکی سینیٹرز کرس وین ہولین اور میگی ہیسن نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مظفرآباد کا دورہ کیا تاکہ وہ جموں و کشمیر میں بھارت کے غیرقانونی اقدام کے بعد صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ عوامی جذبات بھی جان سکیں۔

امریکا میں ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار الزبتھ وارین نے مقبوضہ کشمیر میں پابندیوں اور مواصلاتی نظام معطل کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت سے کشمیری شہریوں کے حقوق کی پاسداری یقینی بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔اس سے ایک دن قبل ہفتے کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے نئی دہلی جانے والے امریکی سینیٹر کو وادی کا دورہ کرنے سے روک دیا تھا۔