آسٹریلیا کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے سرفراز کو کپتان برقرار رکھنے کا امکان

کینگروز کیخلاف ناکامی کی صورت میں کپتانی بابر اعظم کو سونپ دی جائےگی: ذرائع

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 11 اکتوبر 2019 12:27

آسٹریلیا کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے سرفراز کو کپتان برقرار رکھنے ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11اکتوبر 2019ء) سری لنکا کے خلاف ذلت آمیز شکست کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے سرفراز احمد کو ہی کپتان برقرار رکھنے کا امکان ہے۔کچھ روز قبل اختتام پذیر ہونےوالی سیریز میں نمبر ون ٹی ٹونٹی ٹیم کو 8ویں نمبر پر موجود سری لنکا کی کمزور ٹیم نے تین میچوں کی سیریز میں باآسانی شکست دےدی،ان نتائج پر پاکستانی کرکٹ شائقین نے سخت مایوسی اور برہمی کا اظہار کیا، یہاں تک کے ایک شائق کی جانب سے قذافی سٹیڈیم کے باہر سرفراز احمد کے پوسٹر کو پھاڑنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی یہ سمجھتا ہے کہ سرفراز احمد دباﺅ کا شکار ہیں تاہم یہ تاثر بھی پایا جاتا ہے کہ بابر اعظم ابھی اس منصب کو سنبھالنے کے حوالے سے ذہنی طور پر تیار نہیں،بابر کی بھی سیریز میں کارکردگی زیادہ متاثر کن نہیں تھی جو نائب کپتان ہونے کے باوجود تین میچوں کے دوران صرف 43 رنز ہی بنا پائے۔

(جاری ہے)

سرفراز احمد بھی تین میچوں میں 24، 26 اور 17 رنز ہی سکور کر پائے،پاکستانی کپتان کی کافی عرصے سے فارم خراب ہے کئی کرکٹنگ حلقوں نے ٹیم میں ان کی جگہ پر ہی سوالیہ نشان لگادیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کی خواہش ہے کہ ٹیم کا کپتان مستقبل بنیادوں پر بنایا جائے تاہم سرفراز کی انفرادی اور ٹیم کی کارکردگی بورڈ کو ایسا قدم اٹھانے سے دور رکھ رہی ہے۔امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اگر آسٹریلیا کےخلاف سیریز میں پاکستانی ٹیم کارکردگی بہتر بنانے میں ناکام رہی تو کپتانی بابر اعظم کے سپرد کردی جائےگی۔