ضمنی الیکشن حلقہ این اے 3میرپور‘ ریٹرئنگ آفیسر کے پاس کاغذات نامزدگی کی داخل کروانے کی آخری تاریخ 21-10-2019مقرر

جمعہ 11 اکتوبر 2019 13:34

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2019ء) آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے آزاد جموںوکشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے ۔3میرپو رکے ضمنی انتخاب کے انعقاد کے سلسلہ میں جاری شدہ الیکشن شیڈول کے مطابق ریٹرئنگ آفیسر کے پاس کاغذات نامزدگی کی داخل کروانے کی آخری تاریخ 21-10-2019مقرر ہے ۔ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی (الیکشنز) آرڈیننس 1970کی دفعہ 47-Aکی رو سے انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواران کے لیے لازم ہے کہ وہ ریٹرئنگ آفیسر کے پاس کاغذات نامزدگی داخل کروانے سے قبل اپنے منقولہ وغیرمنقولہ اثاثہ جات کی تفصیل آزاد جموںوکشمیر الیکشن کمیشن کے پاس جمع کروائیں ۔

لہذا متذکرہ بالا حلقہ کے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے والے جملہ امیدواران کو بذریعہ پریس ریلیز مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ ریٹرئنگ آفیسر کے پاس اپنے کاغذات نامزدگی داخل کروانے سے قبل اسٹامپ پیپرپر اپنے منقولہ و غیر منقولہ اثاثہ جات کی تفصیل سیکرٹری آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کے پاس ان کے دفتر واقع بلاک نمبر 06(گرائونڈ فلور) سول سیکرٹریٹ چھتر دومیل مظفرآباد میں جمع کروا کر رسید حاصل کر لیں تاکہ ریٹرنگ آفیسر کے پاس کاغذات نامزدگی داخل کرواتے وقت یہ رسید بھی کاغذات کے ساتھ شامل کر کے پیش کی جاسکے ۔

(جاری ہے)

اثاثہ جات کی تفصیل کا نمونہ الیکشن کمیشن سے حاصل کیا جاسکتا ہے ۔ یہ بات آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کے ترجمان نے ایک پریس ریلیز میں بتائی ۔