شارجہ: سُپر مارکیٹ میں چوری کی واردا ت کرنے والے دو پاکستانی گرفتار

ملزمان نے ایک دُکان کا شیشہ توڑ کر وہاں سے پانچ سو درہم اور سگریٹس کے سینکڑوں پیکٹس چُرائے تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 11 اکتوبر 2019 12:52

شارجہ: سُپر مارکیٹ میں چوری کی واردا ت کرنے والے دو پاکستانی گرفتار
شارجہ(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11اکتوبر2019ء) شارجہ پولیس نے سُپر مارکیٹ کی ایک دُکان میں چوری کرنے کے الزام میں دو پاکستانیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے رات کے وقت ایک دُکان کے دروازے کا شیشہ توڑ کر وہاں موجود پانچ سو درہم اور سگریٹس کی سینکڑوں پیکٹ چُرائے تھے، جن کی مالیت بھی سینکڑوں درہم میں بنتی ہے۔ ملزمان نے دِن کے وقت سُپر مارکیٹ میں موجود دُکانوں کا جائزہ لیا تو انہیں اندازہ ہوا کہ ایک دُکان ایسی ہے جہاں پر رات کے چوری کی واردات کرنا نسبتاً آسان ہو گا۔

جس کے بعد انہوں نے رات کے وقت اپنی واردات انجام دی۔ اس واردات کے اگلے روز جب مالک دُکان پر پہنچا تو دُکان کے دروازے کا شیشہ ٹُوٹا ہوا دیکھ کر پریشان ہو گیا اور پولیس کو اس بارے میں اطلاع کر دی۔

(جاری ہے)

پولیس نے موقع پر پہنچ کرجائے واردات کا جائزہ لیا اور وہاں پر نصب مختلف کلوز سرکٹ ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کر کے ملزمان کی شناخت کر لی۔ ملزمان کی گرفتاری شارجہ انڈسٹریل ایریا میں واقع ان کی رہائش گاہ سے ہوئی۔

تفتیش کے دوران ملزمان نے اس واردات کا اعتراف کر لیا ۔ پولیس کے مطابق ملزم اس واردات کو انجام دینے کے بعد انڈسٹریل ایریا میں موجود دیگر مقامات پر بھی چوری کی وارداتوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ تاہم گرفتاری کے باعث ان کے منصوبے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ ملزمان کے خلاف چوری کے اس مقدمہ میں سماعت کے لیے 27 اکتوبر 2019ء کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :