ملتان، بھارتی مظالم کے خلاف 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منانے کی ہدایات جاری

جمعہ 11 اکتوبر 2019 13:35

ملتان ۔11 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2019ء) حکومت پنجاب نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کے خلاف 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منانے کی ہدایات جاری کردیں۔ تمام محکموں کو ہر جمعتہ المبارک کو کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی یاد بارے مخصوص اوقات مختص کرنے، تمام تعلیمی اداروں کو کشمیر آور منانے کے بھی احکامات جاری کردیئے گئے ہیں جبکہ ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کو 5فروری یوم کشمیر پر گرینڈ مارچ کے انتظامات کرنے کے بھی احکامات دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ فیصلے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر بنائی گئی پنجاب کشمیر کمیٹی میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی سربراہی میں کیے گئے۔ پنجاب کشمیر کمیٹی نے تمام سیکرٹریز ، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں کمشنر ملتان ڈویژن افتخار علی سہو نے ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو فوری عمل در آمد کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے، بھارتی مظالم کو ہر سطح پر بے نقاب کریں گے، ملتان ڈویژن میں کشمیریوں کی حمایت اور بھارتی جارحیت کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کی جائے گی۔