جس قدر مولانا فضل الرحمان کا پلان بڑاہوگااتنی ہی بڑی حکومت کی تیاری ہو گی‘ راجہ بشارت

حتمی پلان اور اعلان سامنے آئے گا تو حکومت بھی فیصلہ کریگی ،والدین اپنے بچوں کا خیال رکھیں‘ وزیرقانون

جمعہ 11 اکتوبر 2019 16:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2019ء) صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا ہے کہ جس قدر مولانا فضل الرحمان کا پلان بڑاہوگااتنی ہی بڑی حکومت کی تیاری ہو گی،حتمی پلان اور اعلان سامنے آئے گا تو حکومت بھی فیصلہ کریگی ،والدین سے استدعا کروں گا کہ اپنے بچوں کا خیال کریں اورمدارس کے بچوں کو سیاسی سرگرمی سے دور رکھا جائے۔

پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ بشارت نے کہا کہ جب آزادی مارچ کا کوئی حتمی فیصلہ اوران کا پروگرام سامنے آئے گا تو حکومت نے بھی اپنے انتظامات کرنے ہیں، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال برقرارکھے ۔ پہلے بھی اس طرح کی صورتحال ہوتی رہی ہے اور حکومت اسے ہینڈل کرتی آئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سیاسی رہنما عوام کو سیاسی سر گرمیوں میں لائیں بچوں کونہ لائیں لیکن یہ ان کی صوابدید ہے وہ کن لوگوں کو لاتے ہیں ۔

اگر ایک بچہ نابالغ ہے تواس کے قول و فعل کے ذمہ دار اس کے والدین ہوتے ہیں ، میں والدین سے استدعا کروں گا جن کے بچے مدارس میں پڑھتے ہیں انہوں نے اپنے بچوں کو دینی تعلیم کے حصول کیلئے داخل کرایا ہے ، اگر اس سے ہٹ کوئی بھی دینی مدرسہ ان کے بچوں کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرناچاہتا ہے توحکومت سے پہلے والدین کی ذمہ داری ہے وہ اپنے بچوں کوکسی ایسی سر گرمی میں شامل نہ ہونے دیں ۔

ہم دعا کرتے ہیں کہ سیاسی قیادت میں بھی یہ سوچ پیدا ہو کہ وہ چھوٹے بچوں بالخصوص مدارس کے بچوں کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہ کریں۔انہوںنے کہا کہ امن و امان کو قائم رکھنا اورعوام کے جان و مال کاتحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے ، اگر کوئی اس میں رخنہ ڈالے گا یا قانون کو توڑے تو پھر قانون بھی حرکت میں آئے گا۔