دورہ آسٹریلیا، پی سی بی کو ایک بار پھر فواد عالم کی یاد ستانے لگی

مصباح الحق نے فواد عالم کی فٹنس اور پرفارمنس کے بارے میں پوچھ گچھ شروع کردی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 11 اکتوبر 2019 17:21

دورہ آسٹریلیا، پی سی بی کو ایک بار پھر فواد عالم کی یاد ستانے لگی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11اکتوبر 2019ء) کافی عرصے سے پاکستانی کرکٹ سے باہر رہنے والے فواد عالم ایک بار پھر پی سی بی کے ریڈار پر آگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے فواد عالم کی فٹنس اور پرفارمنس کے بارے میں پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔ مصباح الحق نے سندھ کی ٹیم کے ہیڈ کوچ اعظم خان سے فواد عالم کے بارے میں بات چیت کی۔

ذرائع نے توقع ظاہر کی ہے کہ انہیں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان عنقریب شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں شامل کرلیا جائے گا۔ آسٹریلیا کے ساتھ ٹیسٹ کے لیے ابھی تک پاکستانی سکواڈ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ دوسری جانب فواد عالم نے قائد اعظم ٹرافی میں سندھ کی جانب سے کھیلتے ہوئے پانچ اننگز میں 160 رنز سکور کیے جس میں ایک سنچری بھی شامل تھی۔

(جاری ہے)

کراچی میں پیدا ہونے والے فواد عالم نے 2009 ءمیں سری لنکا کے خلاف اپنے پہلے ٹیسٹ میں 168 رنز سکور کیے تھے۔ انہوں نے پاکستان کی طرف سے اپنا آخری ٹیسٹ 2009ء میں نیوزی لینڈ اور آخری ون ڈے 2015 ءمیں بنگلہ دیش کے خلاف ڈھاکہ میں کھیلا تھا۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 21 نومبر سے برسبین میں شروع ہوگی۔ سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا جو 29 نومبر کو کھیلا جائے گا۔