منظم ٹریفک کو فروغ دینے کیلئے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرانا ضروری ہے، صدر اسلام آباد چیمبر

جمعہ 11 اکتوبر 2019 18:46

منظم ٹریفک کو فروغ دینے کیلئے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرانا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2019ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا ہے کہ منظم ٹریفک کو فروغ دینے کیلئے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرانا ضروری ہے جس سے ٹریفک حادثات میں کمی واقع ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے موٹروے پولیس کے اے آئی جی لاجسٹک جمیل ہاشمی کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر محمد احمد وحید، سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمن خان کے ساتھ ٹریفک نظام کو بہتر کرنے کے امو رپر تبادلہ خیال کیا۔

ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر محمد اعجاز عباسی، چوہدری وحید الدین، ظفر بختاوری، ملک سہیل حسین، خالد چوہدری، اشفاق چھٹہ، ندیم عباسی، نثار مرزا، چوہدری ندیم الدین اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ منظم ٹریفک کو فروغ دینے کیلئے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرانا ضروری ہے جس سے ٹریفک حادثات میں کمی واقع ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ ملک بھر سمیت اسلام آباد میں بھی ٹریفک کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے، ان مسائل کو حل کرنے کیلئے بہتر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹر وے پولیس اپنی عمدہ کارکردگی کی وجہ سے دوسرے اداروں کیلئے ایک رول ماڈل ادارہ بن کر سامنے آیا ہے یہی وجہ ہے کہ دیگر جگہوں پر مثالیں دی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑے حادثات کی صورت میں صرف جرمانہ کافی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئی ایکسل لوڈ رجیم پر عمل درآمد کی وجہ سے صنعتی شعبے کیلئے پیداواری لاگت بڑھ گئی ہے اس پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر منظم ٹریفک کو فروغ دینے کی کوششوں میں موٹر وے پولیس کے ساتھ تعاون کرے گا۔ اے آئی جی موٹروے جمیل ہاشمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ موٹر وے پولیس ڈرائیونگ لائسنس میرٹ پر جاری کرتی ہے اور ٹیسٹ کیلئے کوئی سفارش قبول نہیں کی جاتی۔

انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکلوں کی تعداد شہروں میں بہت بڑھ گئی ہے لیکن سیفٹی کی مکمل پاسداری نہیں کی جاتی۔ انہوںنے کہا کہ گاڑی چلانے والے کم عمر بچوں کو صرف جرمانہ کرنا ہی کافی نہیں ہے بلکہ ایسے قوانین بنانے کی ضرورت ہے جن کے تحت لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے والے والدین کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ چیمبر کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی، نائب صدر سیف الرحمٰن خان، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر محمد اعجاز عباسی، چوہدری وحید الدین، ظفر بختاوری، ملک سہیل حسین ، خالد چوہدری اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ٹریفک نظام کو مزید بہتر کرنے کیلئے مفید تجاویز دیں۔ آخر میں چیمبر کے صدر محمد احمد وحید نے جمیل ہاشمی کو شیلڈ پیش کی۔