وزیر صنعت و ترقی نسواں محترمہ نورین عارف کی صدارت اجلاس

27اکتوبر کو72ویں یوم تاسیس کویوم سیاہ اور 6نومبر یوم شہداء جموں کے حوالہ سے پروگرامات کاجائزہ لیا گیا

جمعہ 11 اکتوبر 2019 20:26

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2019ء) چیئرپرسن تقریبات کمیٹی/ وزیر صنعت و ترقی نسواں محترمہ نورین عارف کی صدارت میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا ۔جس میںسیکرٹری سروسز ڈاکٹر لیاقت حسین سمیت جملہ محکمہ جات کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں حکومت آزادکشمیر کی27اکتوبرکو 72ویں یوم تاسیس کو یوم سیاہ کے طور پر منانے اور 6نومبر یوم شہداء جموں کے حوالہ سے پروگرامات کاجائزہ لیا گیا ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ یوم تاسیس 24اکتوبر کے موقع پردن کا آغاز 21توپوں کی سلامی سے ہوگا۔ مرکزی تقریب نیوسول سیکرٹریٹ چھتر گرائونڈمیں منعقد ہوگی ۔آزاد کشمیر پولیس حسب سابق یوم تاسیس پریڈ کا انعقاد کرے گی دن کا آغاز مساجد میں خصوصی دعائیہ تقاریب سے ہوگا اور تمام سرکاری عمارات پر قومی پرچم لہرایا جائے گا۔

(جاری ہے)

سکولوں ،کالجز اور یونیورسٹریز میں طلباء و طالبات کے درمیان تقریری مقابلے منعقد کیئے جائیں گے جبکہ آزادکشمیر یونیورسٹی یوم تاسیس کے حوالے سے خصوصی سیمینار بھی منعقد کرے گی جس میں آزاد کشمیر بھر کی سیاسی قیادت اور ترکی کے سفیر شرکت کریں گے ۔

آزادکشمیر کے 72ویں یوم تاسیس کے موقع پر تمام محکمہ جات کو ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں۔ اجلاس سے خطاب کے دوران چیئرپرسن قومی تقریبا ت کمیٹی محترمہ نورین عارف کا کہنا تھا کہ امسال یوم تاسیس کی تقاریب مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر منائی جائیں گی ۔ اس وقت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے جس پر قومی یکجہتی کے ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 24 ، 27اکتوبراور 6نومبر کی تقریبات کی براہ راست کوریج کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر اجاگر ہو سکے ۔آزادی اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہمارے لیے سب سے بڑی نعمت ہے ہم نے اس عظمت کی قدر کرنی ہے ۔ ریاست کی آزادی کیلئے ہمارے اسلاف نے بہت قربانیاں دی ہیں اور آج ہم سب اس ریاست کی وجہ سے ہیں۔یوم تاسیس کی تقاریب میں تمام مکاتب فکر کو شریک کیا جائے۔

اجلاس میں 27اکتوبر کو بھارت کی جانب سے فوجیں مقبوضہ وادی میں داخل کرنے کے خلاف یوم سیاہ منانے کے حوالے سے بھی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتا یا گیا کہ اس دن کی مناسبت سے جموں وکشمیر کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ اولڈ سیکرٹریٹ کے احاطہ میں ایک بڑا حتجاجی جلسہ منعقد ہوگا۔ ڈائریکٹر لبریشن سیل راجہ محمد سجاد نے یوم سیاہ کے پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ احتجاجی جلسہ کی صدارت وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کرینگے۔

احتجاجی جلسہ میں وزرائے کرام ، ایم ایل اے صاحبان کے علاوہ سیاسی جماعتوں کے قائدین ، آل پارٹیز حریت کانفرنس کے زعما کرام، سیکرٹری صاحبان حکومت ،سربراہان محکمہ جات،وکلاء اور سرکاری ملازمین سمیت سول سوسائٹی شریک ہوگی۔ اس موقع پر آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں احتجاجی جلسے و جلوس کا انعقاد کیا جائیگا جن میں مقامی ایم ایل اے صاحبان ،مقامی سیاسی رہنما شرکت کرینگے۔