Live Updates

جے یو آئی اے این پی کو اعتماد میں لے چکی ہے، آزادی مارچ کی حمایت کرچکے،میاں افتخار حسین

جمعہ 11 اکتوبر 2019 20:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین اور صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ جے یو آئی اے این پی کو اعتماد میں لے چکی ہے،آج باقاعدہ طور پر اے این پی جے یو آئی کے آزادی مارچ کے حمایت کا اعلان کرچکی ہے،جے یو آئی کے اکابرین سے مل کر ہمارے اکابرین نے انگریزوں سے آزادی حاصل کی ہے ،آج مل کر سلیکٹڈ سے بھی آزادی حاصل کرلینگے ،نوشہرہ اضاخیل میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا کہ ہم واضح کرچکے ہیں اگر جمیعت علمائے اسلام کے کارکنان کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا تو پھر ہمارے کارکنان بھی سڑکوں پر ہونگے اور سلیکٹڈ وزیراعلیٰ سے پوچھیں گے کہ کیوں سیاسی کارکنا ن کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بلخصوص پختون قوم مسلط سلیکٹڈ حکومت کی وجہ سے معاشی طور پر ایک مشکل وقت سے گزر رہا ہے،سلیکٹڈ حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے آج ملک اور صوبہ پختونخوا پائی پائی کا مختاج ہوچکا ہے،نوشہرہ میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے غریب عوام کی چیخیں نکل چکی ہے پی ٹی آئی والے کریڈٖیٹ لے رہے ہیں کہ کپتان نے یو این میں اچھی تقریر کی ہے تو اُن لوگوں کو پتہ ہونا چاہیے کہ اُس بہترین تقریر کے باوجود بھی ملک معاشی طور پر دیوالیہ ہوچکا ہے اور کشمیر تاحال بھارت کے قبضے میں ہے،نوجوانوں کے ساتھ جو وعدے کیے گئے تھے اُس پر آج سلیکٹڈاعظم بھاری بھاری یوٹرن لے رہا ہے۔

اسٹیبلشمنٹ کو عمران خان کی شکل میں وہ مہرہ مل چکا ہے جو ہر صورت اُن کو یس سر کررہا ہے،عمران خان آج جو کچھ کررہا ہے اور اُس سے جو بربادی ہورہی ہے اُس کے ذمہ دار وہ سلیکٹرز ہیں جنہوں نے عمران خان کو پختونوں اور پاکستان پر مسلط کررکھا ہے۔ اپنے خطاب میں میاں افتخارحسین نے کہا کہ مولانا کو منانے کیلئے پرویز خٹک کی سربراہی میں کمیٹی بنائی گئی ہے لیکن عوام جانتے ہیں کہ پرویز خٹک کو گائوں میں جرگہ کا ممبر بھی تسلیم نہیں کیا جاتا تو وہ مولانا کو کیسے منائے گا۔

اگر پرویز خٹک الیکشن میں پیسے نہ چلائے اور اسٹیبلیمشنٹ کا منظور نظر نہ ہو تو یونین کونسل بھی جیت نہیں سکتا، عمران خان ریت کی بوری ہے ،ہمارا اصل نشانہ وہ لوگ ہے جو ریت کے بوری کے پیچھے ہیں،عمران خان نے اقوام متحدہ میں جو تقریر کی ہے وہ سو فیصد پاکستان مخالف تقریر ہے،دہشت گردوں کو sٹریننگ دینے اور اُن کو ٹھکانے دینے کے حوالے سے اُس نے اقرار کیا ہے،اب اگر کل کو دنیا دہشتگردی کے خلاف اقدامات کریگی تو سب سے پہلے دنیا کا نشانہ دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان ہوگا ، عمران خان نے اپنے تقریر میں کشمیریوں کے حق خودرادیت پر بات تک نہیں کی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حکمران کشمیر کا سودا کر چکے ہیں،اب مگر مچھ کے آنسوبہائے جارہے ہیں۔

ایمل ولی خان نے کہا کہ اگر 27اکتوبر کو سیاسی کارکنان پر تشدد کیا گیا تو جے یو آئی سے پہلے اے این پی اُن سیاسی ورکرکا حساب سلیکٹڈ حکومت سے لے گی۔اپنے دوروں سے متعلق بات کرتے ہوئے صوبائی صدر نے کہا کہ صوبہ بھر میں تفصیلی دورے کررہا ہوں،بہت جلد ضلع شانگلہ کا دورہ ہوگا اُس کے بعد نوشہرہ میں تفصیلی دورہ ہوگا،پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت عوامی حکومت نہیں ہے،اگر یہ عوامی حکومت ہوتی تو صوبے کے سرکاری ادادروں کو نجکاری کی طرف لیکر نہ جاتی،ڈاکٹرز کے ساتھ جو کچھ کیا جارہا ہے وہ سراسر نا انصافی ہے ،اس سے ایک طرف ہمارے ڈاکٹرز برادری متاثر ہوگی تو دوسری طرف محکمہ صحت کی نجکاری کی وجہ سے پورا بوجھ غریب عوام پر پڑیگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات