آئی جی سندھ انٹرڈسٹرکٹ ہاکی لیگ، سندھ پولیس، ڈسٹرکٹ سینٹرل، ڈسٹرکٹ ایسٹ اور ڈسٹرکٹ ملیرکی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ گئی

جمعہ 11 اکتوبر 2019 22:09

آئی جی سندھ انٹرڈسٹرکٹ ہاکی لیگ، سندھ پولیس، ڈسٹرکٹ سینٹرل، ڈسٹرکٹ ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2019ء) آئی جی سندھ انٹرڈسٹرکٹ ہاکی لیگ میں سندھ پولیس، ڈسٹرکٹ سینٹرل، ڈسٹرکٹ ایسٹ اور ڈسٹرکٹ ملیرکی ٹیموں نے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ پول کے آخری میچ میں ڈسٹرکٹ ملیر نے ڈسٹرکٹ ویسٹ کو 2-7 گول سے شکست دیدی، ڈسٹرکٹ ویسٹ کے کھلاڑی عثمان اشرف شاندار کھیل کی بدولت مین آف دی میچ قرار پائے۔

کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیراہتمام سندھ پولیس سپورٹس بورڈ کے تعاون سے اولمپین حنیف خان/ڈاکٹرجنیدعلی شاہ سپورٹس کمپیلکس کراچی میں منعقد ہونے والی آئی جی سندھ انٹرڈسٹرکٹ ہاکی لیگ میں سندھ پولیس، ڈسٹرکٹ سینٹرل، ڈسٹرکٹ ایسٹ اور ڈسٹرکٹ ملیرکی ٹیمیں سیمی فائینل کے لئے کوالیفائی کرگئیں۔ پول کے آخری میچ میں ڈسٹرکٹ ملیر نے ڈسٹرکٹ ویسٹ کو 2-7 گول سے شکست دیدی۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ملیر کی جانب سے غلام علی نے ہیٹ ٹرک سکور کی جبکہ زوہہیب خان نے 2، کپتان ارسلان حیدر اور علی طباطبائی نے 1 ایک گول سکور کیا۔ ڈسٹرکٹ ویسٹ کی جانب سے عرفان خان اور وہاب مزاری نے گول سکور کئے۔میچ کے مہمان خصوصی سیکرٹری کے ایچ اے حیدر حسین تھے جن کا کھلاڑیوں اور آفیشلز سے تعارف بھی کرایا گیا۔ ڈسٹرکٹ ویسٹ کے کھلاڑی عثمان اشرف شاندار کھیل کی بدولت مین آف دی میچ قرار پائے۔ انہوں نے معزز مہمان خصوصی سے کیش ایوارڈ بھی وصول کیا۔ ایونٹ کے دونوں سیمی فائنل (آج) ہفتہ کو کھیلا جائے گا۔ پہلا سیمی فائنلڈسٹرکٹ سینٹرل اور ڈسٹرکٹ ملیر کے مابین کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا سیمی فائنل سندھ پولیس اور ڈسٹرکٹ ایسٹ کے مابین کھیلا جائے گا۔