سوڈان کی تاریخ کی پہلی خاتون چیف جسٹس

ہفتہ 12 اکتوبر 2019 10:15

خرطوم ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2019ء) سوڈان میں جسٹس نعمات عبداللہ محمد خیر کو چیف جسٹس اور تاج السر علی الحبر کو ملک کا اٹارنی جنرل مقرر کیا گیا ہے۔نعمات خیر سوڈان کی نئی تاریخ میں چیف جسٹس کے منصب پر فائز ہونے والی پہلی خاتون ہیں۔عمر البشیر کی حکومت کے خلاف انقلابی تحریک کو سپورٹ کرنے والی خواتین میں جسٹس نعمات بھی شریک تھیں۔

(جاری ہے)

وہ رواں سال اپریل میں خرطوم میں سوڈانی فوج کے ہیڈ کوارٹر کے سامنے منعقد ہونے والے دھرنے میں نظر آئی تھیں۔نعمات خیر 1957 میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے خرطوم میں قاہرہ یونیورسٹی کے کیمپس سے قانون کی تعلیم حاصل کی۔ نعمات نے 1983 میں عدلیہ کی معاون کے طور پر کام شروع کیا۔ نعمات 2003 میں اپیل کورٹ کی جج مقرر کی گئیں۔ 2015 میں نعمات ترقی پا کر سپریم کورٹ کی جسٹس بن گئیں تھیں۔