توانائی کے تحفظ کے لیے تجربات جاری،

بیٹری سٹوریج ٹیکنالوجی کی آئندہ پانچ سال میں اچھی کارکردگی سامنے آئے گی، وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا سیمینار سے خطاب

ہفتہ 12 اکتوبر 2019 13:45

توانائی کے تحفظ کے لیے تجربات جاری،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ توانائی کو محفوظ کرنے کے لیے تجربات کر رہے ہیں،بیٹری سٹوریج ٹیکنالوجی کی اگلے پانچ سالوں میں اچھی کارکردگی سامنے آئے گی،امریکہ، یوکے اور پاکستان کی مشترکہ کوششوں سے اس ٹیکنالوجی پر کام شروع کر دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتے کو ایف پی سی سی آئی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ چین نے بائیواکانومی میں ترجیحی بنیادوں پر کام کیا ہے اور اپنی شرح نمو کا 10 فیصد 2030ء تک اس مقصد کیلئے رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ جہلم میں ساؤتھ ایشیا کا سب سے بڑا بائیو اکانومی پارک بنایا جا رہا ہے اور اسے خصوصی اقتصادی زون ڈیکلیئر کر رہے ہیں،اس پارک میں دس سال کے لیے ٹیکس کی چھوٹ ہو گی،نوجوانوں کو موقع دینے سے معیشیت میں بہتری آئے گی۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے ٹیکنالوجی اور ماڈرنائزیشن پر کام نہیں کیا جبکہ نئے پاکستان کا مقصد ہی نئی ٹیکنالوجی اور جدت کو متعارف کرانا ہے،آج بھی چاند دیکھنے کے لیے سمجھانے پر سر کھپانا پڑتا ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان ٹیکنالوجی سے ہی آگے جا سکتا ہے جبکہ ایک طبقہ ملک کو بہت پیچھے لے جانا چاہتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کمبوڈیا اور کوریا دنیا میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں کافی پیچھے تھے لیکن آ ج وہ آ گے ہیں،ہم اگر 2022ء میں اپنا مشن خلاء میں بھیجنے کی بات کرتے ہیں تو لوگ حیرت میں پڑ جاتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں دنیا اب ٹریکٹر ٹرالی سے بہت آ گے چلی گئی ہے لیکن پاکستان میں ہر جمعے کو نئے مولوی سے ڈیل کرنا پڑتا ہے،ہمیں ترقی کیلئے 10 پندرہ سال امن کے چاہئیں، نئے پاکستان کی بنیاد شعور علم اور ٹیکنالوجی پر رکھنی ہوگی۔فواد چوہدری نے کہا کہ گزشتہ غلطیوں کی وجہ سے ہم روایتی ٹیکنالوجی پر انحصار کر رہے ہیں،100 سالہ پرانے لومز پر کپڑے تیار کیے جا رہے ہیں،ہمارے ملک میں ابھی تک ٹریکٹر ٹرالی سے کام چلایا جا رہا ہے جبکہ دنیا زراعت میں بہتری کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی پر انحصار کر رہی ہے، وزیر اعظم سے زراعت کے فروغ کے لیے ڈرون سے مدد لینے کی درخواست کی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی کامیابی کے لیے یہاں امن کا قیام ضروری ہے،کبھی مولانا فضل الرحمان اور کبھی کوئی اور مولوی امن کو خراب کرنے نکل آتے ہیں۔